اسلامیان پاکستان اور اُمہ کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتا ہوں: ڈاکٹر محمد طاہر القادری

مورخہ: 06 جون 2025ء

سنت ابراہیمی کا بنیادی مقصد رضائے الہیٰ کا حصول ہے: بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن

لاہور (6جون2025) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملت اسلامیہ بالخصوص اسلامیان پاکستان کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔

انہوں نے کہاکہ سنت ابراہیمی کا بنیادی مقصد رضائے الہیٰ کا حصول ہے۔ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم کی سنت اور اللہ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل کا درس دیتی ہے۔ یہ دن تقویٰ، خلوص اور قربانی کے جذبے کو اپنانے کا دن ہے۔ تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اس موقع پر مستحقین و ضرورت مندوں کو یاد رکھیں۔ عید الاضحی صرف جانور کی قربانی نہیں بلکہ خواہشات کی قربانی کا درس بھی دیتی ہے۔ ہم سب کو باہمی رواداری، عدل اور انسانیت کے احترام کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ محبت، معافی اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہاکہ جذبہ ایثار امت محمدیہ کو ممتاز اور بلند مقام عطاکرتا ہے۔ قربانی محض جانور ذبح کرنے یا گوشت کی تقسیم کا نام نہیں ہے۔ قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ اہل ایمان اللہ کے راستے میں جان، مال، اولاد، عزت و آبرو، راحت و آرام قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے، کچھ اعمال ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ کا خاص قرب نصیب ہوتا ہے۔ قربانی بھی ان عظمت والے اعمال میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ ہے قربانی کے جانور کے ہر بال کے عوض ایک نیکی ملتی ہے اورقربانی کی قبولیت میں جو چیز بنیادی اہمیت کی حامل ہے وہ اللہ کی بارگاہ میں حسن نیت اور صدق و اخلاص ہے۔ قربانی کا مقصود تقویٰ اور پرہیز گاری ہے، رضائے الہیٰ کے حصول کی نیت سے کی جانیوالی قربانی کا اللہ کے ہاں بڑا اجر و ثواب ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے موقع پرعزیز و اقارب اور مستحقین کا خاص خیال رکھا جائے، یہی عمل اسلامی عبادات کی اصل روح اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top