تصوف عقل، شعور اور علم کے ساتھ جڑا ہوا مکمل نظام ہے: پروفیسرحسن محی الدین قادری
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں "شیخ الاسلام سینٹر فار اسپریچوئل سائنسز اینڈ اسٹڈیز" میں خطاب کرتے ھوئے کہا ھے کہ تصوف دل کی صفائی، روح کی پاکیزگی اور باطن کی روشنی کا نام ہے۔ یہ انسان کو اللہ کی قربت عطا کرتا ہےاور اس کی اصل قرآن و سنت سے جڑی ہوئی ہے۔ یہ مرکز بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خواب تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کا پہلا تعلیمی مرکز ہے جہاں تصوف کو ایک مکمل اکیڈمک مضمون کے طور پر پڑھایا جا رہا ہے۔ یہاں بی اے، ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر روحانی علوم کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ تصوف کو محض خانقاہوں تک محدود سمجھنے کی بجائے اب سائنسی، تحقیقی اور فکری بنیادوں پر دنیا کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس ادارے میں باضابطہ طور پر کلاسز، ورکشاپس، سیمینارز اور روحانی تربیت کا عمل جاری ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے بتایا کہ مرکز میں زاویۃ المراقبہ کے نام سے ایک مخصوص ہال قائم کیا گیا ہے جہاں تمام معروف سلاسل کی تعلیمات کی روشنی میں مراقبہ اور روحانی مشقوں کی تربیت دی جاتی ہے۔ یہاں آنے والے افراد کو لیکچرز، اورینٹیشن سیشنز اور لائیو ڈیمانسٹریشنز کے ذریعے روحانی ذوق عطا کیا جاتا ہے۔
عمارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس مرکز کی تعمیر حضرت بایزید بسطامیؒ کے مزار کی طرز پر کی گئی ہے۔ جو بھی اس میں داخل ہوتا ہے، وہ خود کو کسی صوفیانہ شہر جیسے بخارا، سمرقند، ہرات، مشہد، گیلان، فاس یا قونیا میں محسوس کرتا ہے۔ یہ روحانی مراکز کی خوبصورتی اور انفرادیت کا امتزاج ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ یہاں قادریہ، چشتیہ، نقشبندیہ، سہروردیہ، شاذلیہ سمیت تمام معروف روحانی سلاسل کی تعلیمات کو باقاعدہ نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ویک اینڈ کورسز، مختصر مدتی پروگرامز اور آن لائن کلاسز کے ذریعے سجادہ نشینوں، اہل علم اور نوجوانوں کو تصوف کی اصل روح سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں تصوف پر اٹھنے والے اعتراضات، امام مہدیؑ کے حوالے سے پھیلائے جانے والے مغالطےاور صحابہ کرامؓ و خلفائے راشدینؓ کی عظمت کے خلاف پروپیگنڈے جیسے فتنوں کا مؤثر علمی جواب دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے مفصل خطبات، سیریز اور تحقیقی مواد کے ذریعے امت کی رہنمائی کی ہے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین نےکہا کہ تصوف صرف ذکر اور اشغال کا نام نہیں بلکہ یہ عقل، علم، معرفت اور شعور کے ساتھ جڑا ہوا ایک مکمل نظام ہے۔ ہم حال کی بات کرتے ہیں، اگر حال سنور جائے تو وہی مقام بن جاتا ہے۔ تصوف کا اصل جمال یہی ہے کہ یہ انسان کے باطن کو اجالا اور فکر کو بلند کرتا ہے۔ یہ مرکز آنے والے وقتوں میں تصوف کی عالمی سطح پر نمائندگی کا فریضہ سرانجام دے گا۔
تبصرہ