فرقہ واریت اور نفرت حسینیت کے پیغام کی نفی ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 26 جون 2025ء

محرم الحرام صبر، قربانی اور عدل کے قیام کا مہینہ ہے
امت مسلمہ حضرت امام حسینؑ کے کردار سے حق، صداقت اور وحدت کا درس لے

Dr Tahir ul Qadri message on hijri new year 1447

لاہور (26 جون 2025) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے محرم الحرام کے آغازپر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ نے کربلا کے میدان میں دین اسلام کی بنیادوں کے تحفظ کے لئے سب کچھ قربان کر دیا مگر یزید کے ظلم و بربریت اور خلاف دین و خلاف شرع اقدامات کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ خانوادہ رسول ﷺ کی یہ قربانی فقط ایک واقعہ نہیں بلکہ قیامت تک کے لئے ظلم کے خلاف مزاحمت، حق کی حمایت اور باطل سے انکار کا استعارہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین ؑ کی سیرت مبارکہ سے سبق لینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کو فرقہ واریت، نفرت اور عدم برداشت سے نکل کر محبت، بھائی چارے اور اتحاد کی راہ اپنانا ہو گی، یہی حسینیت کا اصل پیغام ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ محرم کے ایام میں تمام مکاتب فکرکے علما کو چاہئے کہ وہ رواداری، بھائی چارے اور امن کا پیغام عام کریں۔ فرقہ واریت اور نفرت حسینیت کے پیغام کی نفی ہے۔ حسینی ہونے کا مطلب ہے امن، عدل اور اخوت کو فروغ دینا۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام صبر، قربانی اور عدل و انصاف کے قیام کا مہینہ ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے معرکۂ کربلا میں ظلم، جبر، فتنہ و فساد کے خلاف استقامت، غیرتِ ایمانی اور اخلاص کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ امام عالی مقامؑ کی شہادت درحقیقت دینِ محمدی ﷺ کے تحفظ اور انسانی وقار کی بحالی کی جدوجہد ہے۔ ان کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ باطل کے نظام کے سامنے کلمۂ حق بلند کرنا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ امام حسینؑ کا نام آج بھی مظلوموں، حق پرستوں اور اصلاح کے علمبرداروں کا عنوان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام ہمیں جھنجھوڑتا ہے کہ ظلم، بدعنوانی، فرقہ واریت اور ناانصافی کے خلاف حسینی کردار اپنائیں اور امت کے درمیان اتحاد، یگانگت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا: "آج امت مسلمہ کو امام حسینؑ کی سیرت سے وحدت، ایثار، شجاعت، اور شعور کا درس لینے کی ضرورت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top