نظام المدارس و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام دفاع وطن و قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد
ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ محبت، اتحاد اور امن کا پرچم بلند رکھا: علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر
پاک فوج کا دفاع مضبوط ایمان و تربیت کی بنیاد پر قائم ہے: امتیاز احمد صدیقی
اسلامک بینکنگ کی نصاب سازی میں منہاج یونیورسٹی کا کردار قابل تحسین ہے
’’دفاعِ وطن و قومی یکجہتی کانفرنس‘‘ سے مفتی غلام اصغر صدیقی، مفتی نذیر احمد قادری، عین الحق بغدادی و دیگر کا خطاب
لاہور(26جون 2025)نظام المدارس پاکستان اور منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام ’’دفاعِ وطن و قومی یکجہتی کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر نے کی۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر علامہ امتیاز احمد صدیقی اور مرکزی صدر منہاج ا لقرآن علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی تھے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ اتحاد، اخوت اور بھائی چارہ اسلام کا بنیادی پیغام ہے، جسے آج کے انتشار زدہ دور میں زندہ کرنا علماء کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان دینی و قومی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے فاضلین آج آرمی، بینکنگ، تعلیمی و دیگر اہم شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
چیئرمین علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر علامہ امتیاز صدیقی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے دفاعِ وطن کو کمزور کرنے کی پوری کوشش کی، مگر ہمارے مضبوط عسکری اور ایمانی دفاع نے ہر سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب دنیا تفرقہ، نفرت اور فتنہ پرستی کی بات کر رہی تھی، تب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے محبت، وحدت اور قومی یکجہتی کا بیانیہ دیا۔
ڈائریکٹر امور دینیہ مفتی نذیر احمد قادری نے کہا کہ جب سودی نظام پر کوئی بات کرنے کو تیار نہ تھا، تب شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے موچی دروازہ لاہور میں اسلامی معیشت کا جامع تصور پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے دفاع میں شیخ الاسلام کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
ناظم امتحانات نظام المدارس علامہ عین الحق بغدادی نے کہا کہ بین الاقوامی اسلام دشمن تنظیمیں تفرقہ پیدا کر کے ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ علماء کرام کا فرض ہے کہ محراب و منبر سے قومی یکجہتی کو فروغ دیں نہ کہ فتنہ پرستی کو۔ انہوں نے شرکاء کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کے وزٹ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج کی قیادت مذہب کی بنیاد پر پروان چڑھتی ہے اور دینی تعلیم و تربیت اس کا لازمی حصہ ہے۔
کانفرنس ضلع نیلم، جورا (آزاد کشمیر)کے مقام پر منعقد ہوئی۔ دیگر مقررین میں ایڈووکیٹ
سپریم کورٹ شرافت میر، پیر جاوید عبدالمنان، پیر تنویر عبدالمنان (دارالذکر مظفرآباد)،
مفتی ریاض احمد نورانی، صدر منہاج علماء کونسل نیلم ڈویژن علامہ فاروق عبداللہ، کوآرڈینیٹر
نظام المدارس پاکستان نیلم ڈویژن قاری ظفر اقبال، علامہ رفیق رندھاوا، جنرل سیکرٹری
سنٹرل بار کونسل آزاد کشمیر توفیق احمد، شامل تھے۔
مرکزی ناظم منہاج علماء کونسل علامہ اشفاق چشتی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے
اور شرکاء کو قومی وحدت کے پیغام سے روشناس کرایا۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر امور دینیہ
آزاد کشمیر مفتی نذیر احمد قادری، و دیگر علماء، مشائخ، وکلاء، اساتذہ، طلبہ و عوام
کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس کے اختتام پر جامعہ غوثیہ تعلیم القرآن کے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور
ملکی سلامتی و امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ