محرم الحرام کا پیغام، صبر، قربانی اور وحدت امت ہے: مفتی غلام اصغر صدیقی

مورخہ: 28 جون 2025ء

حضرت امام حسینؑ کا مشن باطل کے خلاف ڈٹ جانا اور عدل کا قیام تھا
منبر و محراب سے فرقہ واریت نہیں، اخوت اور اتحاد کی صدا بلند ہونی چاہیے
منہاج علماء کونسل کا یکم تا 10 محرم “پیغام حسینؑ و اتحاد امت” کانفرنسز منعقد کر رہی ہے
علما منبر و محراب کو اتحاد امت کےلئے استعمال کریں: مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل

محرم الحرام کا پیغام، صبر، قربانی اور وحدت امت ہے: مفتی غلام اصغر صدیقی

لاہور (28جون 2025) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا ہے کہ محرم الحرام صبر، وفا، قربانی، اتحاد اور عدل و انصاف کے احیاء کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام کی بقاء کے لیے اپنے اہل بیت سمیت ہر چیز قربان کر دی، مگر ظلم، جبر اور باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا اصل پیغام ہے کہ ہم اپنے رویوں میں تحمل، رواداری، اخوت، بھائی چارہ، اور باہمی احترام پیدا کریں، تاکہ امت مسلمہ فرقہ واریت، تعصبات اور نفرتوں سے نکل کر ایک وحدت کی لڑی میں پروئی جا سکے۔ حضرت امام حسینؑ کی جدوجہدپوری انسانیت کے لیے ہدایت و بیداری کا چراغ ہے۔

علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ منہاج القرآن علماء کونسل ملک بھر میں یکم تا 10 محرم "پیغام حسینؑ و اتحاد امت" کے عنوان سے علمی، فکری اور روحانی کانفرنسز منعقد کر رہی ہے، جن میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مشائخ عظام، اور اہل علم و دانش شر کت کر رہے ہیں۔ ان کانفرنسز کا مقصد محرم الحرام کے مقدس مہینے میں وحدت بین المسلمین، محبت، احترام اہل بیت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج امت کو جس قدر وحدت اور فکری ہم آہنگی کی ضرورت ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے نبٹنے کے لیے علماء کرام کو چاہیے کہ وہ منبر و محراب کو اصلاحِ امت اور اتحادِ ملت کے لیے استعمال کریں۔

علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ منہاج القرآن علماء کونسل کا بنیادی مشن یہ ہے کہ محبتِ رسولؐ، عظمتِ اہل بیتؑ، اور صحابہ کرامؓ کے احترام کے ساتھ معاشرے میں اعتدال، توازن اور امن کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ حق کی سربلندی کے لیے جان دینا عظمت ہے، لیکن ظلم کے آگے خاموش رہنا بزدلی ہے۔ ہمیں اپنے کردار، زبان، اور طرز زندگی سے پیغام کربلا کو زندہ رکھنا ہے۔آخر میں انہوں نے ملک بھر کے علماء، خطباء اور مشائخ سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے ماہ مقدس کو “عظمت اہل بیتؑ، تحفظ دین اور وحدت امت” کے مہینے کے طور پر منائیں تاکہ نئی نسل کو حسینی فکر کا پیغام دیا جا سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top