خواتین مبلغین دینی خدمت کواعزاز سمجھیں: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 30 جون 2025ء

خواتین کی تعلیم صرف انفرادی ترقی نہیں بلکہ قومی ترقی کی ضمانت ہے،تربیتی ورکشاپ سے خطاب
امہات المومنین و دیگر صحابیات نے دینی تعلیم، اصلاح معاشرہ اور خواتین کی تعلیم میں کلیدی کردار ادا کیا
ورکشاپ سے خرم نواز گنڈاپور، انجینئر رفیق نجم،بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، لبنیٰ مشتاق و دیگر کا خطاب

Traing of Trainers for Centrel Punjab Minhaj women leauge 2025

لاہور (30 جون 2025ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایک روزہ ”ٹریننگ آف ٹرینرز(TOT)“ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ میں منہاج القرآن ویمن لیگ، سنٹرل پنجاب کی ضلعی تنظیمات نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصد تنظیم سازی، مراکز علم کا قیام اور سوشل میڈیا کے موثر و مثبت استعمال کے حوالے سے عملی راہ نمائی فراہم کرناتھا۔

تربیتی ورکشاپ سے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین مبلغین دین کی خدمت کو اعزازسمجھیں، خود کو معاشرہ کے لئے مثبت رول ماڈل بنائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک روشن اور متوازن مستقبل فراہم کیا جا سکے، خواتین کی تعلیم صرف انفرادی ترقی نہیں بلکہ قومی ترقی کی ضمانت ہے، انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے عورت کو ایک بلند مقام عطا کیا ہے اور عورت کو ماں، بہن، بیٹی اور بیوی جیسے معزز رشتوں میں ایک خاص درجہ عطاکیا ہے۔

حضرت سیدہ خدیجہؓ، حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ، خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہرہؓ جیسی عظیم ہستیاں خواتین کے لئے بہترین رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امہات المومنین و دیگر صحابیات نے دینی تعلیم، اصلاح معاشرہ اور خواتین کی تعلیم میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، آج کی خواتین بھی انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین کے پیغام کو عام کریں، انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں خواتین کا دین کی تعلیم کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ معاشرے کو درپیش اخلاقی و روحانی چیلنجز کا موثر حل نکالا جا سکے۔

تربیتی ورکشاپ سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات انجینئر محمد رفیق نجم، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، ڈائریکٹر سوشل میڈیا عبدالستار منہاجین، ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل منہاج القرآن ویمن لیگ لبنیٰ مشتاق، مسز ارشاد اقبال، صائمہ نور، حرا دلبر اعوان، رابعہ شفیق، عائشہ بتول، اقراء مبین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا کے 90سے زائد ممالک میں اسلامک سنٹرز کے ذریعے دین اسلام کی خدمت انجام دے رہی ہے۔ شعور، ہنر اور خدمت کے دائرے کو بڑھانے کے لئے ایسی تربیتی ورکشاپس انتہائی اہم ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top