اگر اللہ اور اُس کے رسول سے محبت چاہتے ہو تو اہل بیت سے محبت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لو، پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنےخطاب میں صحاح ستہ اور دیگر معتبر کتب حدیث سے ان روایات کا ذکر کیا جن میں حضور نبی اکرم ﷺ کی حسنین کریمین علیہما السلام سے بےپناہ محبت کا ذکر موجود ھے۔ انہوں نے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسولِ اکرم ﷺ ایک روز نماز ادا فرما رہے تھے اور جب آپ ﷺ سجدے میں گئے تو امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام جو اُس وقت کم عمر تھے —آپ کی پشتِ مبارک پر سوار ہو گئے۔

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے یہ منظر دیکھا تو چاہا کہ بچوں کو ہٹائیں، مگر رسول اللہ ﷺ نے اشارے سے منع کر دیا اور فرمایا کہ بیٹھنے دو، انہیں نہ روکو۔ یہ محبت کا ایسا منظر تھا کہ رسول اللہ ﷺ اپنی نماز کے دوران بھی حسنین کریمینؑ کو اپنی پشت پر بٹھانے کو پسند فرما رہے تھے۔نماز مکمل ہونے کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں کو اپنی گود میں لے لیا، سینے سے لگایا، اور محبت سے نوازا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایک اور روایت بیان کی جو امام احمد بن حنبل، امام ابن ماجہ اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے میرے حسنؑ اور حسینؑ سے محبت کی، فقط اس نے مجھ سے محبت کی۔ اور جس نے ان دونوں کو ناراض کیا، اس نے دراصل مجھے ناراض کیا۔ ایک اور الفاظ میں آتا ہے جس نے ان کے لیے دل میں بغض رکھا، اس نے میرے لیے بغض رکھا۔

اس کے بعد حضور نبی اکرم ﷺ نے وہ جملے ارشاد فرمائے جو قیامت تک محبت کا معیار طے کرتے ہیں۔ سنن ابن ماجہ کی روایت کے مطابق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اے اللہ! تو گواہ رہنا، میں ان دونوں سے بڑی محبت کرتا ہوں۔ تو بھی ان سے محبت فرما پھر فرمایا کہ جو ان دونوں سے محبت کرے، اے مولا! تو بھی اس سے محبت فرما۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضور ﷺ نے امت کو طریق محبت سکھا دیا۔ خود فرمایا کہ مجھے حسنؑ و حسینؑ سے محبت ہے، اے مولا! تو بھی ان سے محبت فرما اور اس فرمانِ نبوی نے قیامت تک کے لیے ایک معیار قائم کر دیا کہ جو ان پاک نفوس سے محبت کرے گا، اللہ بھی اُس سے محبت کرے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ یہ روایات رسول اللہ ﷺ کی اہل بیت سے محبت کا عملی اظہار ہیں اور امت مسلمہ کے لیے ایک مستقل پیغام ہیں کہ اگر اللہ اور اُس کے رسول سے محبت چاہتے ہو تو اہل بیت سے محبت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top