حضور نبی اکرم ﷺ کا نسب قیامت تک قائم رہے گا: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

احادیث میں آتا ہے روزقیامت حسب نسب کے سب سلسلے منقطع ہو جائیں گے سوائے آپ ﷺکے
اہل بیت سے سچی محبت قیامت کے دن ذریعہ نجات بنے گی: بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن

حضور نبی اکرم ﷺ کا نسب قیامت تک قائم رہے گا: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

لاہور (2 جولائی 2025ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ فکری نشست سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیامت کے روز ہر کسی کا سلسلہ نسب منقطع ہو جائے گا سوائے حضور نبی اکرمؐ کے حسب و نسب کے۔ آپؐ کا رشتہ اور نسب قیامت تک قائم رہے گا۔ اہل بیت سے سچی محبت قیامت کے دن ذریعہ نجات بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر کلمہ گوہ چاہتا ہے کہ اُسے محبت الٰہی نصیب ہو جائے، کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ اُنہیں حضور نبی اکرمؐ کی شفقت و نظرالتفات میسر آجائے۔ حضور نبی اکرمؐ نے ان دونوں محبتوں کے حصول کا ایک راز بتا دیا ہے اور وہ راز یہ ہے کہ اگر تم اللہ کی محبت چاہتے ہو تو اللہ کے رسولؐ سے محبت کرو اور اللہ کے رسول ﷺ کی محبت چاہتے ہو تو حسنین کریمینؑ سے محبت کرو۔

حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک بار حضور نبی اکرمؐ ہمارے پاس تشریف لائے، آپؐ کے ایک کندھے پر امام حسنؑ اور دوسرے کندھے پر امام حسینؑ سوار تھے، آپؐ دونوں کو باری باری چوم رہے تھے یہاں تک کہ آپؐ ہمارے پاس آ کر رک گئے، ایک شخص نے عرض کیا یا رسول اللہؐ کیا آپ ان سے محبت کرتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا ہاں یہی نہیں بلکہ جس نے ان دونوں سے محبت رکھی اس نے مجھ سے محبت رکھی اور جس نے ان سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا۔

اس حدیث مبارکہ سے واضح ہو گیا کہ جس نے حسن و حسینؑ سے محبت کی اس نے رسول اللہؐ سے محبت کی اور جس نے رسول اللہؐ سے محبت کی اس نے اللہ سے محبت کی۔ ایک اور حدیث مبارکہ میں آتا ہے رسول اللہؐ نے امام حسن اور امام حسینؑ کا ہاتھ پکڑا اور فرمایا جس نے مجھ سے، ان دونوں سے اور ان کے والد (علیؑ) سے اور ان کی والدہ (سیدہ کائنات) سے محبت کی وہ قیامت کے دن میرے ساتھ میری سنگت و صحبت کے اعلیٰ مدارج میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حسنین کریمین سے محبت رکھنے والا جنتی اور بغض رکھنے والا دوزخی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top