محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام لوگوں پر فرض ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام سے محبت دراصل نبی اکرم ﷺ سے سچی وابستگی کا عملی اظہار ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کے ساتھ محبت، دین کی روح اور ایمان کی علامت ہے، اور اِن کے ساتھ بغض، نفاق اور گمراہی کی نشانی ہے: صدر منہاج القرآن

محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام ہر مسلمان پر فرض اور ایمان کا جزوِ لازم ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ سے فرمایا: ﴿قُلْ لَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَى﴾ (الشورى: 23)، یعنی "آپ فرما دیں: میں اس (تبلیغِ رسالت) پر تم سے کوئی اجرت نہیں مانگتا، سوائے اس کے کہ میرے قرابت داروں سے محبت کرو"۔ یہ آیت واضح اعلان ہے کہ اہلِ بیتِ اطہارؑ کی محبت کوئی اختیاری جذبہ نہیں، بلکہ ربّانی حکم ہے۔ اہلِ بیتؑ کی محبت دراصل نبی اکرم ﷺ سے سچی وابستگی کا عملی اظہار ہے، کیونکہ وہ آپ ﷺ کے نور سے ہیں، آپ ﷺ کے دل کا سکون اور دین کے ستون ہیں۔ ان سے محبت، دین کی روح اور ایمان کی علامت ہے، اور ان سے بغض، نفاق اور گمراہی کی نشانی ہے۔ جو دل اہلِ بیتؑ کی عظمت سے خالی ہو، وہ محبتِ رسول ﷺ کے دعوے میں جھوٹا ہے۔ اس لیے ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ نہ صرف اہلِ بیتؑ سے محبت کرے بلکہ ان کے اقوال و افعال سے رہنمائی بھی لے، کہ یہی اصل وفا اور دین کی راہ ہے۔

اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی محبت کی فرضیت:

اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت ہر مسلمان پر فرض ہے کیونکہ یہ قرآن و سنت سے ثابت شدہ ایمان کا حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کی محبت کو اجرتِ رسالت قرار دیا۔ یہ محبت صرف جذباتی لگاؤ نہیں بلکہ اطاعت، ادب اور پیروی کا نام ہے۔ جو شخص اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے محبت رکھتا ہے، وہ دراصل دین کے حقیقی راستے پر گامزن ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ:

اللہ تعالی نے قرآنِ مجید میں اہلِ بیت کی محبت کو اہلِ ایمان پر فرض قرار دیا ہے۔ صحابہ وسلف صالحین کا طریقۂ کار تھا کہ وہ اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے ساتھ قلبی لگاؤ کو ایمان گردانتے تھے۔ اس لیے کہ اُن کے ساتھ محبت ہی اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کی محبت پانے کا ذریعہ ہے۔ اِن ذواتِ مقدّسہ سے محبت کرنے کی کوئی حد بھی نہیں ہے، اس لیے کہ رسول اللہ ﷺ نے اِن کے ساتھ محبت کی ہے اور اِن ہستیوں کے ساتھ محبت کرنے کا حکم دیا ہے۔

امام شافعی علیہ الرحمہ محبتِ اہل بیت علیہم السلام کے متعلق فرماتے ہیں کہ:

يا آلَ بَيتِ رَسولِ اللَهِ حُبَّكُمُ فَرضٌ مِنَ اللَهِ في القُرآنِ أَنزَلَهُ
کفاکم مِن عَظيمِ القَدْرِ أَنَّكُمُ مَن لَم يُصَلِّ عَلَيكُم لا صَلاةَ لَهُ

’’اے اہلِ بیت رسول! آپ سے محبت کرنا اللہ تعالی کی طرف سے فرض قرار دے دیا گیا ہے، جسے اُس نے قرآنِ مجید میں نازل کیا ہے۔ اور آپ کی عظمت کے لیے یہ عظیم مرتبہ ہی کافی ہے کہ آپ وہ ہستیاں ہیں کہ جو شخص آپ پر درود نہ پڑھے اُس کی نماز ہی نہیں ہوتی۔‘‘

جو شخص اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے ساتھ بغض وعناد رکھ کر اللہ کی عبادت کرے اور نماز پڑھے، اُس کی نماز بارگاہِ رب العزت میں کبھی قبول نہیں ہوتی۔ اللہ تعالی کی بارگاہ میں عبادات کو قبول کروانے کے لیے اہلِ بیتِ اطہار کے ساتھ محبت کرنا ناگزیر ہے۔

اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی تعلیمات:

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ: اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی زندگیوں سے دو طرح کا تعلق استوار کرنا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے: ایک تعلق تعلیم کا اور دوسرا عمل کا۔ اہلِ بیتؑ نے ہمیں نہ صرف جینے کا سلیقہ سکھایا بلکہ عزت و غیرت سے جینے کا شعور عطا کیا۔ اُن عظیم ہستیوں نے اپنے کردار سے یہ واضح کر دیا کہ ظلم کے سامنے جھکنا حرام ہے، اور باطل کے مقابل ڈٹ جانا ہی حریت و شجاعت کی معراج ہے۔ اُنہوں نے سکھایا کہ زندگی خوف کے سائے میں نہیں، بلکہ حق و صداقت کی روشنی میں بسر کی جاتی ہے۔ اہلِ بیت اطہار علیہم السلام نے اپنے عمل سے بتایا کہ مظلوم کا ساتھ دینا، عدل کے لیے قربان ہو جانا، اور ہر باطل قوت کے سامنے نڈر ہو کر کھڑے ہونا ہی اصل اسلام ہے۔ ان کی تعلیمات صرف تاریخ نہیں، بلکہ آج بھی امت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جنہیں اپنائے بغیر دین مکمل نہیں ہو سکتا ہے۔

حاصلِ کلام:

اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام سے محبت ایمان کا لازمی تقاضا اور دین کی روح ہے، جسے قرآن و سنت نے فرض قرار دیا ہے۔ صحابہ و سلف صالحین اہلِ بیت کے ساتھ محبت کو ایمان کی علامت سمجھتے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے مطابق، اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے وابستگی صرف جذباتی تعلق نہیں بلکہ اطاعت، غیرت، حریت اور سچائی کے راستے پر چلنے کا نام ہے۔ انہوں نے اپنی عملی زندگی سے یہ سکھایا کہ ظلم کے سامنے جھکنا حرام اور حق کے لیے ڈٹ جانا عین اسلام ہے۔ یہی تعلیمات اہلِ بیتؑ کو امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ بناتی ہیں، جنہیں اپنائے بغیر نہ ایمان مکمل ہوتا ہے، نہ عبادات قبول ہوتی ہیں۔

بلاگ: ڈاکٹر محمد اِقبال چشتی (ریسرچ اسکالر، لائیو اَپڈیٹس سیل، سوشل میڈیا)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top