کالج آف شریعہ کے زیر اہتمام تربیتی کورس 2025 کی اختتامی تقریب کا انعقاد
تعلیم کے ساتھ تربیت نہ ہو توشخصیت نامکمل رہتی ہے: انجینئررفیق نجم
دینی تعلیم کو کردار، حسن عمل اور سچائی کے ساتھ اپنانا ہو گا:پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی
تربیتی کورس میں قرات، عقائد، حدیث، فقہ، انگلش و عربی زبان، کمپیوٹرکے مضامین پڑھائے گئے
لاہور (4 جولائی 2025) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ انجینئر رفیق نجم نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لاہور میں سالانہ اسلامی تربیتی کورس 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورس نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، کردار سازی اور دین فہمی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مختصر وقت میں دین، اخلاق، زبان، کمپیوٹر، خطابت اور جدید علوم کو یکجا کر کے جو نصاب ترتیب دیا گیا، وہ منہاج القرآن کے تعلیمی وژن کی عملی تعبیر ہے۔انہوں نے کہا کہ محض تعلیم کافی نہیں، جب تک اس کے ساتھ تربیت نہ ہو، شخصیت نامکمل رہتی ہے۔ تربیتی کورس کے ذریعے طلبہ میں فکری پختگی، دینی بصیرت اور اخلاقی بیداری پیدا ہوئی ۔ انہوں نے اساتذہ، منتظمین اور کورس میں شریک طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی کورس ان کی آئندہ زندگی میں رہنمائی کا ذریعہ بنے گا۔کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ طلبہ نے اپنے قیمتی وقت کو علم دین کے حصول کے لیے وقف کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کی علمی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے دینی تعلیم کو کردار، حسن عمل اور سچائی کے ساتھ اپنانا ہے۔تقریب میں ناظم امتحانات نظام المدارس علامہ عین الحق بغدادی، ڈائریکٹر ٹریننگ محب اللہ اظہر، ڈاکٹر خلیل الازہری، حافظ ساجد الازہری، ڈاکٹر محمد پرویز بلال (کوآرڈینیٹر) سمیت اساتذہ کرام و دیگر علمی شخصیات شریک تھیں۔ ڈاکٹر پرویز بلال نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کورس کی تفصیلات پر روشنی ڈالی۔
تربیتی کورس 16 جون سے شروع ہو کر تین ہفتے جاری رہا، جس میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء کو قرات، عقائد، حدیث، فقہ، انگلش و عربی زبان، کمپیوٹر، خطابت اور سیرت جیسے مضامین پڑھائے گئے۔ اس کے علاوہ آداب گفتگو، نعت خوانی، تقریری کلاسزجیسی تربیتی سرگرمیاں بھی شامل رہیں۔ تربیتی کورس میں تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ میں ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر محمد خلیل الازہری، حافظ ساجد الازہری، جمیل حیدر الازہری، راؤ سعداللہ الازہری، عظیم احمد الازہری، سید احمد شاہ، غلام مرتضیٰ علوی، حافظ محمد طیب، محمد قسیم سجاد، محمد بوٹا، اور علی حسنین شامل تھے۔ تقریب کے آخر میں حسنِ قراءت، حسنِ نعت اور تقریری مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے ،ڈائریکٹر ٹریننگ محب اللہ اظہر نے اختتامی دعا کروائی۔
تبصرہ