اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کی محبت تمام مسلمانوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہے: علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر
کربلا بیداری، عدل اور دین کی حفاظت کا پیغام ہے: مفتی غلام اصغر صدیقی
اہلِ بیت اطہارؑ کی محبت انسانیت کو جینے کا سلیقہ سکھاتی ہے: علامہ اشفاق علی چشتی
منہاج القرآن علما کونسل کے زیراہتمام ’’پیغام امام حسین علیہ السلام و اتحاد امت کانفرنس ‘‘سے خطاب
لاہور (4 جولائی 2025) منہاج القرآن علماء کونسل لاہور پی پی 150 میں منعقدہ ’’پیغام امام حسین علیہ السلام و اتحاد امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ اہلِ بیت اطہارؑ کی سیرت مبارکہ ہمیں قربانی، اخلاص، حق گوئی اور فکری استقامت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں ہمیں سکھایا کہ باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہی اصل ایمان ہے۔ اہل بیت کی فضیلت و عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار اللہ تعالیٰ کی قربت و عصمت کی ضمانت ہیں۔
اہل بیت اطہار کی محبت تمام مسلمانوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہے۔اہل بیتؑ کی سیرت مبارکہ، تقویٰ، ایثار اور وفاداری کی ایسی روشن مثال ہے جو ہر مومن کے لیے مشعل راہ ہے۔ کربلا کا پیغام ظلم کے سامنے خاموشی نہیں بلکہ حق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے محبت نجات کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو دل اہلِ بیتؑ کی محبت سے خالی ہو، وہ زنگ آلود ہو جاتا ہے۔ اہلِ بیتؑ کی سیرت سے ہمیں سچائی، وفاداری، اور عدل و انصاف کا عملی پیغام ملتا ہے۔
منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کربلا صرف ایک سانحہ نہیں بلکہ قیامت تک کے لیے بیداری، عدل اور دین کی حفاظت کا پیغام ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم کے سامنے جھکنے سے انکار کر کے قیادت، استقامت اور عدل کی شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نوجوان نسل کے دلوں میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ اور محبتِ اہلِ بیتؑ کے چراغ روشن کئے۔
مرکزی ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ اشفاق علی چشتی نے کہا کہ جو دل اہلِ بیتؑ کی محبت سے خالی ہو وہ تاریک ہو جاتا ہے۔ ان ہستیوں کی محبت دلوں کو نور بخشتی اور انسانیت کو جینے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالستار خان نیازی نے کہا کہ اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کا ذکر فقط عبادت نہیں بلکہ فکری روشنی ہے۔ ان کی سیرت پاک زندگی کے ہر شعبہ میں راہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی فکری اور روحانی خدمات نے امت کو بیدار کیا اور نوجوانوں کو مقصدِ زندگی سے جوڑا۔
قاضی عبدالغفار قادری نے کہا کہ اہلِ بیت اطہارؑ کی سیرت دین کی اصل روح ہے۔ ان کی حیاتِ طیبہ سے ہمیں عدل، سچائی، اور صبر جیسی صفات سیکھنے کو ملتی ہیں۔
کانفرنس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، صدر لاہور انجینئر شفاقت علی مغل، جنرل سیکرٹری مخدوم گلزار حسین، سید خورشید الحسن بخاری، چوہدری اصغر علی گجر، مفتی محبوب احمد صدیقی، حافظ طاہر ضیاء، پیر سید انور علی شاہ، ملک عابد حسین قادری، محمد یونس جماعتی، قاری سلیم ہمدانی، علامہ محمد احمد خان چشتی، ملک خالد حسین قادری، سید اختر رسول، قیصر سیف، محمد رمضان چشتی، علامہ سراج بلوچ، علامہ غلام سرور، علامہ اخلاق احمد اور علامہ غلام نصیرالدین نے خصوصی شرکت کی۔
کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علما مشائخ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مقررین نے کہا کہ آج کے دور میں امت مسلمہ کو سب سے زیادہ وحدت و اتحاد کی ضرورت ہےاگر ہم واقعی حضرت امام حسین علیہ السلام کے ماننے والے ہیں تو ہمیں فرقہ واریت چھوڑ کر امت کے اتحاد کےلئے کام کرنا ہو گا۔ کانفرنس کے اختتام پر اتحادِ امت، دفاع وطن اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ