اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت ایمان کی بنیاد ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

حضرت امام حسین علیہ السلام کی استقامت ہر دور کی باطل قوتوں کے خلاف تحریکِ بیداری ہے
اہل بیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات امت کے اتحاد کا نسخہ کیمیا ہے۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل

Dr Hussain Mohi-ud-Din Qadri MQI

لاہور (4 جولائی 2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ فلسفہ شہادتِ حضر ت امام حسین علیہ السلام دراصل دین کی بقا، امت کے اتحاد اور اخلاقی انقلاب کا پیغام ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزیدی طرز حکومت کو رد کر کے امت کو باور کرا دیا کہ دین، ظلم اور جبر کے ساتھ نہیں چل سکتا۔ واقعہ کربلا اسلام کی تاریخ میں ایک عظیم اور ناقابل فراموش باب ہے جس نے حق و باطل کے درمیان واضح فرق پیدا کر دیا۔

اہل بیت اطہار علیہم السلام کی قربانی تاریخ انسانیت میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین محمدی کی بقا کےلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسینؑ کی استقامت صرف اس وقت کے لیے نہیں، بلکہ ہر دور کی باطل قوتوں کے خلاف تحریکِ بیداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی انسانیت کی عزت، دین کی عظمت اور اخلاقی اصولوں کے احیاء کے لیے تھی۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ اہل بیت اطہارؑ کی عظمت کو قرآن حکیم نے بیان کیا ہے۔ قران حکیم کی آیت تطہیر ہو یا آیت مباہلہ ہر جگہ اہل بیت علیہم السلام کی طہارت، تقویٰ اور عظمت کو قرآن نے اجاگر کیا ہے۔ اہل بیت اطہارؑ کی محبت ایمان کی جڑ ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "حسین منی و انا من الحسین"۔

اس سے بڑھ کر محبتِ اہل بیت علیہ السلام کی فضیلت کی کیا دلیل ہو سکتی ہے؟ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ آج کے دور میں ہمیں کربلا کے پیغام کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ ظلم کے خلاف جرأت، حق گوئی کا حوصلہ، اور عدل کے لیے استقامت، یہی امام حسینؑ کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا زوال اس وقت شروع ہوا جب امت نے اہل بیتؑ سے عملی تعلق توڑ دیا۔ اہل بیتؑ کی تعلیمات، ان کا اخلاق، ان کی سیرت، ان کا حلم و برداشت، امت کے اتحاد کا نسخہ کیمیا ہے۔اہل بیتؑ کی تعلیمات کو زندگی میں شامل کرنا ہی اصل محبت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہاکہ اگر امت کو پھر سے عروج درکار ہے تو اُسے حسینی کردار اپنانا ہو گا۔ حسینی کردار خوف سے پاک، قربانی سے لبریز اور تقویٰ سے بھرپور ہوتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی زندگیاں اہل بیتؑ کے اخلاق کے مطابق ڈھالیں، فرقہ واریت سے بچیں، اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top