محبتوں کو یکجا کرنے کا نام حسینؑ ہے تفریق کو جنم دینے کا نام یزیدیت ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنےخطاب میں عشقِ رسول ﷺ، محبتِ اہل بیتؑ اور اتحادِ امت کے پیغام کو مؤثر انداز میں بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ رات فرقت کو ختم کرنے والی رات ہے، دلوں کو جوڑنے والی رات ہے، تفرقہ مٹانے والی رات ہے۔ انہوں نے کہا کہ عشاق حسین کا مبظر دیدنی ھوتا ھے اور یہ منظر صرف ان لوگوں کا ہو سکتا ہے جنہوں نے دل سے عشقِ مصطفی ﷺ کو قبول کیا ہو، اور دل کی گہرائیوں سے محبتِ اہل بیت کو اپنایا ہو۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے محبت کے حقیقی مفہوم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حبِ رسول ﷺ وہ نہیں جس میں حبِ آلِ رسول شامل نہ ہو، اور حبِ آلِ رسول وہ نہیں جس میں حبِ صحابہ شامل نہ ہو۔ ساری محبتوں کو یکجا کرنے کا نام "حسینؑ" ہے، جبکہ ساری نفرتوں اور تفریق کو جنم دینے کا نام "یزیدیت" ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نےکہا کہ جہاں دل جڑتے ہیں، وہاں پیغامِ حسینؑ ملتا ہے اور جہاں دل ٹوٹتے ہیں، وہاں یزیدیت کی فکر چھپی ہوتی ہے جہاں شکستہ دل مل کر جڑ جائیں، جہاں فرقت ختم ہو جائے، جہاں تفرقہ بندی کا خاتمہ ہواور جہاں امت ایک ہو جائے وہی مقامِ حسینؑ ہے، وہی اصل راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بارگاہِ سیدہ کائناتؑ، سیدہ فاطمۃ الزہراءؑ کی قربت کی رات ہے، یہ سیدنا علیؑ کے در سے خیرات لینے کی رات ہے، یہ حسنین کریمینؑ کی محبت کو دلوں میں بسانے کی رات ہے۔ انہوں نے امام شافعیؒ کا مشہور قول دھرایا کہ یا اہل بیتِ رسول اللہ! آپ سے محبت کرنا اللہ کی طرف سے فرض ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں اہل بیت کی محبت کو فرض قرار دیا، اور جو ان پر صلاۃ نہیں بھیجتا، اُس کی نماز ہی مکمل نہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آج کی شب ان کا ہونے کی شب ہے، ان کے نام کو چومنے کی شب ہے اور ان کی راہ پر چلنے کی شب ہے۔ یہی محبتِ رسول ﷺ، محبتِ اہل بیتؑ، اور محبتِ صحابہ کرامؓ امت کو متحد کرنے کا واحد نسخہ ہے اور یہی پیغامِ حسینؑ ہے جو نفرت نہیں، محبت بانٹتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top