منہاج کالجز کے مشترکہ تعاون سے ”ٹرین دی ٹرینرز“ ورکشاپ کا انعقاد
ورکشاپ میں خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر کالجز محمد غفار، گل زریں خان، آفتاب خان، حمیرا ناز کا اظہار خیال
استاد کے لئے نصاب کی سائنسی بنیادوں پر تفہیم ناگزیر ہے، اچھا استاد، اچھے طالب علم تیار کرتا ہے
ورکشاپ میں منہاج ویمن کالج لاہور، ویمن کالج خانیوال اور کالج آف شریعہ کے اساتذہ نے شرکت کی
انجینئر محمد رفیق نجم، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، نوراللہ صدیقی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی کی خصوصی شرکت
لاہور (7 جولائی 2025ء) منہاج کالجز کے مشترکہ تعاون سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے فارابی آڈیٹوریم میں ”ٹرین دی ٹرینرز“ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، وائس پرنسپل کالج آف شریعہ نیو کیمپس و ڈائریکٹر کالجز ونگ کمانڈر (ر) محمد غفار، منہاج کالج فار ویمن کے پرنسپل آفتاب احمد خان، حمیرا ناز، گل زریں خان نے اظہار خیال کیا۔
موٹیویشنل سپیکرز نے ٹیچرز پر زور دیا کہ موثر تدریس کے لئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز کی بڑی اہمیت ہے، اس سے استاد جدید تدریسی طریقوں سے روشناس ہوتا ہے، ایکٹو لرننگ، پروجیکٹ بیسڈ لرننگ اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ استاد کے لئے نصاب کی سائنسی بنیادوں پر تفہیم ناگزیر ہے، ایک استاد کے سوچنے اور بولنے کا انداز جتنا سنجیدہ اور دلکش ہو گا طلباء اتنا زیادہ استفادہ کریں گے۔
ونگ کمانڈر (ر) محمد غفار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے اساتذہ کی تربیت کا عمل جاری رہنا چاہیے، دنیا بھر میں ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کو بہت توجہ دی جاتی ہے، منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کو ایک نئے انداز کے ساتھ شروع کیا ہے، آج اس کی ابتداء ہے، یہ عمل وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنایا جائے گا۔
قومی شہرت یافتہ موٹیویشنل سپیکر اور ٹرینر گل زریں خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کو چاہیے کہ وہ طالب علم کو نہ تو غیر ضروری طور پر تعریفی کلمات سے نوازے اور نہ ہی اس کی حوصلہ شکنی کرے، طلبہ کی صلاحیت کو دی جانے والی اسائمنٹ کے مطابق پرکھا جائے اور درس و تدریس کے عمل کے دوران طلبہ کے ذاتی کردار اور شخصیت کو غیر ضروری طور پر ڈسکس نہ کیا جائے۔ اُس کی تدریسی مہارت پر فوکس کیا جائے تاکہ طالب علم کو اپنی اصلاح اور صلاحیت میں اضافہ کرنے کے مواقع میسر رہیں۔
ڈاکٹر حمیراناز نے تدریس میں دیانتداری اور روحانیت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ٹیچرز ٹریننگ سے ہی قومی، تعلیمی اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں اور ایک بہترین ٹیچر ہی بہترین طالب علم تیار کر سکتا ہے۔ ”ٹرین دی ٹرینرز“ ورکشاپ کے شرکاء کو خانیوال گرلز کالج کے پرنسپل تنویر اعظم سندھو نے خوش آمدید کہا۔
ٹریننگ ورکشاپ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج کالج برائے خواتین لاہور، منہاج کالج برائے خواتین خانیوال کے اساتذہ نے شرکت کی۔
ٹریننگ ورکشاپ میں نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات انجینئر محمد رفیق نجم، نائب ناظمین اعلیٰ بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، ڈائریکٹر ایچ آر کرنل(ر) محمد خالد، نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی و دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ