کربلا وہ اَزلی صدائے حق ہے جو ہر دور کے یزید کو للکارتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
سیدنا امام حسینؑ نے کربلا میں استقامت کا وہ باب رقم کیا جو مظلوموں کا حوصلہ ہے
حق و صداقت کی راہ میں استقامت ہی حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے: بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن
لاہور (5 جولائی 2025) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہےکہ کربلا صرف ایک معرکہ نہیں، بلکہ وہ اَزلی صدائے حق ہے جو ہر دور کے یزید کو للکارتی ہے۔ شہادتِ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے انسانیت کو دو کردار عطا کیے: ایک سراپا ظلم وبربریت پر مبنی اور دوسرا وفا و صداقت کا علمبردار ہے۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام کی دینِ حق کے لیے دی گئی قربانی سچائی کا وہ مینار ہے جو ہر باطل پر حجت بن کر قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ یومِ عاشور امامِ عالی مقام سیدنا امام حسین علیہ السلام اور آپ کے جانثار ساتھیوں نے راہِ حق میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے استقامت اور ایثار کا ایسا باب رقم کیا جو رہتی دنیا تک مظلوموں کا حوصلہ اور ظالموں کے لیے للکار بن گیا۔ کربلا فقط ایک معرکہ نہیں، بلکہ یہ حمیت، غیرت اور خودداری کا ابدی استعارہ ہے۔ امام حسین علیہ السلام اور اُن کے ساتھیوں کی دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے دی گئی لازوال قربانی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ حق و صداقت کی راہ میں صبر، شکر اور استقامت ہی حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے۔
دریں اثنا چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ یومِ عاشوراء تاریخِ انسانیت میں صداقت، حریت اور ایثار کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ کربلا کی تپتی ریت پر سیدنا امام حسین علیہ السلام اور آپ کے ساتھیوں نے اپنے لہو سے دین کا وہ چراغ روشن کیا جو رہتی دنیا تک حق کے متلاشیوں کو روشنی عطا کرتا رہے گا۔ یہ دن ہمیں بتاتا ہے کہ قیمت کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو مگر سر باطل کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے۔پیغامِ کربلا یہ ہے کہ ظلم کی تاریکیوں میں بھی حق کی شمع جلانا اہلِ وفا کا شیوہ ہے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ میدانِ کربلا میں نواسۂ رسول سیدنا امام حسین علیہ السلام نے اپنی عظیم قربانی سے باطل کی بنیادیں ہلا دیں اور عدل و حریت کی ایسی مثال قائم کی جو قیامت تک مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یہ دن صدائے حق کا استعارہ ہے، جو یہ درس دیتا ہے کہ اہلِ حق سر تو دے سکتے ہیں، مگر ظلم و جبر کے سامنے سر جھکا نہیں سکتے۔ یومِ عاشور کا پیغام یہ ہے کہ صداقت کا راستہ کانٹوں بھرا ہو تو بھی اہلِ عزیمت اسی پر گامزن رہتے ہیں۔
تبصرہ