منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن میں فکری نشست کا انعقاد

امام عالی مقام علیہ السلام کی شہادت عدل، قربانی اور استقامت کا سبق دیتی ہے: محمد عباس نقشبندی

Thought-provoking session held at Minhaj Institute

لاہور (10جولائی2025) منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن لاہور میں شہادتِ امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے روحانی و فکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ فکری نشست میں طلبا، اساتذہ کرام اور منتظمین نے شرکت کی۔ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل محمد عباس نقشبندی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت تاریخِ انسانیت کا وہ روشن باب ہے، جو ظلم کے خلاف مزاحمت، دین کی سربلندی، اور حق کے لیے قربانی کی لا زوال مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے سچائی اور دینِ مصطفوی ﷺ کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، مگر باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ کربلا کی عظیم قربانی ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم ہر حالت میں حق پر قائم رہیں اور دنیاوی مفادات کی خاطر اپنے اصول قربان نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے میدان میں دیا گیا پیغام عمل، فہم، اور بیداری کا درس ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرتے ہوئے زندگی میں عدل، صبر، اور شجاعت جیسے اوصاف اپنائیں اور دنیا کے سامنے کردارِ حسینی کی عملی تصویر بنیں۔

تقریب میں وائس پرنسپل قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری، کوآرڈینیٹر قاری اسماعیل سعیدی اور ادارے کے تمام اساتذہ کرام بھی شریک ہوئے۔ مقررین نے شہداء کربلا کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام ہمیں ہر دور کی یزیدیت کے خلاف اٹھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔تقریب کا اختتام دعائے خیر اور شہدائے کربلا کے درجات کی بلندی کی دعا سے کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top