اللہ نے اہل بیت علیہم السلام کی محبت کو ایمان کا جزو قرار دیا ہے: علامہ رانا محمد ادریس

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Rana Idrees Qadri Addressing Khutba Jummah in Jamia Shaykh-ul-islam

لاہور (11 جولائی 2025) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل بیت اطہارؑ کی محبت ایمان کی تکمیل اور بقا کی بنیادی شرط ہے۔ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں نبی کریم ﷺ کو مخاطب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’کہہ دیجیے! میں تم سے اس تبلیغ کے بدلے کوئی اجر نہیں مانگتا، سوائے قرابت داروں کی محبت کے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا کہ یہ قرابت دار کون ہیں؟ تو رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: علی، فاطمہ، حسن اور حسین علیہم السلام۔ یہ ارشاد گرامی اس بات کا قطعی ثبوت ہے کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت ہر مومن پر واجب ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس دل میں اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت نہ ہو، وہ دل ایمان سے خالی ہوتا ہے۔ اہل بیت اطہار علیہم السلام سے محبت کا دعویٰ زبان سے کافی نہیں، اس محبت کا عملی ثبوت کردار، اخلاق، اطاعتِ رسول ﷺ اور ایثار میں ظاہر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم میں نماز، روزہ، زکوٰۃ جیسے اہم ترین ارکانِ دین کے حکم میں ’’قُل‘‘ کا استعمال نہیں کیا گیا، مگر اہل بیت علیہم السلام کی محبت کے حکم میں اللہ تعالیٰ نے ’’قُل‘‘ کا استعمال کر کے واضح فرمادیا کہ یہ کوئی ذاتی خواہش نہیں بلکہ حکمِ الٰہی ہے، جو تمام اہلِ ایمان پر لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ کو نبی اکرم ﷺ نے ’’مولائے کائنات‘‘، حضرت فاطمہؑ کو جنتی عورتوں کی سردار، اور حسنین کریمین کو جنت کے نوجوانوں کے سردار قرار دیا۔ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت میں جینا، اور انہی کی نسبت پر مرنا نجات کا واحد راستہ ہے۔ یہی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تعلیمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر میں امت مسلمہ کو انتشار، فتنہ پروری اور بے راہ روی سے نکالنے کے لیے اہل بیت اطہار علیہم السلام کی پیروی کو عملی طرزِ حیات کا درجہ دینا ہو گا، تاکہ اُمت پھر سے وحدت، ایمان اور اخوت کے راستے پر گامزن ہو سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top