منہاج القرآن خیبرپختونخوا کی جانب سے جامعہ کریمیہ غفوریہ، ڈاگ اسمعیل خیل کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ
تحریکِ منہاج القرآن خیبرپختونخوا کی طرف سے معروف دینی ادارے جامعہ کریمیہ غفوریہ، ڈاگ اسمعیل خیل، نوشہرہ کی لائبریری کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نایاب، علمی اور فکری کتب کا قیمتی تحفہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القران خیبرپختونخوا چودھری عرفان یوسف اور نائب ناظم تنظیمات علامہ عبدالحئی علوی نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کی صدارت مہتمم جامعہ صاحبزادہ پیر سید سعید حسین القادری نے کی۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب طلباء کے لیے علم، تحقیق اور فہمِ دین کا نیا باب ثابت ہوں گی۔ ان کی تحریریں نہ صرف علمی توازن، فکری وسعت اور بین المسالک ہم آہنگی کی مظہر ہیں بلکہ عصری تقاضوں کے مطابق دینِ اسلام کی حقانیت کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کی قلمی خدمات نے جدید اور قدیم علوم کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کیا ہے۔ ان کی تصانیف میں فقہ، اصول، حدیث، تفسیر، عقائد، سیرت، تصوف، فلسفہ اور عصری موضوعات پر جو وسعت اور گہرائی ہے، وہ طلباء اور اساتذہ دونوں کے لیے ایک عظیم علمی سرمایہ ہے۔ نوجوان نسل کو ان کتب سے نہ صرف فکری رہنمائی حاصل ہو گی بلکہ وہ انتہاپسندی، فرقہ واریت اور گمراہی سے بھی محفوظ رہ سکے گی۔
تقریب میں اساتذہ کرام اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شیخ الاسلام کی علمی و قلمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تبصرہ