غربا کے معاشی حق کی ادائیگی اصل دین داری ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
ریاست شہریوں کو سستی خوراک اور ضروریات زندگی فراہم کرنے سے بری الذمہ نہیں
اسلام میں تقویٰ اور انفاق فی المال کے احکامات ساتھ آئےہیں: چیئرمین سپریم کونسل
لاہور (18 جولائی 2025) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے برطانیہ میں علما و مذہبی سکالرز کے ساتھ ایک خصوصی فکری نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اسلام نے ریاست اور فرد کے معاشی و اقتصادی استحکام پر بہت زیادہ توجہ دی ہے اور غربت کو ایمان اور اخلاقی قدروں کے لئے زہر قاتل قرار دیا ہے۔ مصطفوی تعلیمات میں اقتصادی اعتبار سے مفلوک الحال شہریوں کے معاشی حق کی ادائیگی کو اصل دین داری قرار دیا گیا ہے۔ ریاست شہریوں کو سستی خوراک اور ضروریات زندگی فراہم کرنے کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں۔ قرآن مجید میں قوم نمود کی ہلاکت کی جو چارج شیٹ بیان ہوئی اس میں امیر طبقات کی طرف سے سوسائٹی کے کمزور طبقات کی معاشی کفالت نہ کرنا، غربا اور محتاجوں کو کھانا کھلانا اور ارتکاز دولت کی لت سر فہرست جرائم تھے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام میں تقویٰ اور انفاق فی المال کے احکامات ساتھ ساتھ آئےہیں۔ دین اسلام ایک مضبوط، مستحکم اور منصفانہ معیشت کو فروغ دیتا ہے جو نہ صرف فرد کو خود کفیل کرے بلکہ ایک فلاحی ریاست کی تشکیل میں مدد بھی دے۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام نے ریاست اور فرد دونوں کے معاشی استحکام پر توجہ دی ہے۔
تبصرہ