منہاج ویلفیئر کاسیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز: انجینئر ثناءاللہ
پہلے فیز میں چکوال، جہلم، راولپنڈی میں پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے: ڈائریکٹر آپریشنزMWF
کھانے کی تیاری فیلڈ کچن اور موبائل کچن یونٹس کے ذریعے کی جا رہی ہے، اجلاس سے گفتگو
فیز 2 میںمتاثرین کو خشک راشن، ترپالیں، عارضی شیلٹرز اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی جائے گی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشنز انجینئر ثناءاللہ خان نے ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے پہلے فیز میں متاثرہ علاقوں میں پکا ہوا تاذہ کھانا روزانہ کی بنیاد پر تقسیم کیا جا رہا ہے تا کہ وہ خاندان جو گھروں سے محروم ہو چکے ہیں یا جو خوراک تک رسائی نہیں رکھتے بھوک اور غذائی قلت کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کھانے کی تیاری فیلڈ کچن اور موبائل کچن یونٹس کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کی غذائی ضروریات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انجینئر ثنا اللہ خان نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دوسرے فیز میں متاثرین کو خشک راشن، ترپالیں، کپڑے اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ عارضی شیلٹرز کیمپوں کے قیام اور صفائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔اس حوالے سے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی سروے ٹیمیں متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تیسرے فیز میں متاثرہ خاندانوں کی بحالی گھروں کی مرمت اور بچوں کی تعلیم کی بحالی کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نےکہا کہ یہ وقت آزمائش کا ہے اور ہم متاثرہ ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انجینئر ثناءاللہ خان نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ہنگامی رسپانس نیٹ ورک متحرک کر دیا گیا ہے، اور رضاکاران ہر ممکن وسائل کے ساتھ موجود ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملک بھر میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اور جہاں کہیں بھی ضرورت محسوس ہوگی، فوری رسپانس کے تحت امداد پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن خدمت انسانیت کے مشن پر کاربند ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز اشتیاق حنیف مغل، منصور قاسم اعوان، رانا فیصل محمود، شفقت ندیم و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
تبصرہ