تحریک منہاج القرآن ضلع سرگودھا شمالی کی تنظیمِ نو مکمل، مختار احمد بھٹی صدر اور آصف محمود لک ناظم منتخب
تحریک منہاج القرآن ضلع سرگودھا شمالی کی تنظیمِ نو کی شاندار تقریب المراد مارکی، کوٹ مومن میں منعقد ہوئی۔ اس پُروقار اجتماع میں ضلع بھر سے وابستگان، کارکنان اور عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں بھلوال، للیانی، بھیرہ، کوٹ مومن، ہجن اور سیال موڑ سے آنے والے کارکنان شامل تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد قاسم نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ کے گلہائے عقیدت کے بعد محمد اکرم قادری نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔ نظامت کے فرائض معروف سماجی شخصیت میاں مظہر گوندل نے انجام دیے۔
نشست کی صدارت تحریکِ منہاج القرآن کے سرپرست اور درینہ رفیق سید گلزار حسین شاہ نے کی، جب کہ مہمانانِ خصوصی میں شہدائے انقلاب خاور نوید اور آصف علی کے والدین ماسٹر فضل احمد اور محمد نواز، ناظم تنظیمات شمالی پنجاب سید محمود الحسن جعفری، منہاج یوتھ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عمران یونس، صدر منہاج القرآن سرگودھا ڈویژن اے راجہ محمد اکرام، نائب صدر حکیم محمد ظفر اقبال، ناظم محمد اقبال کاشف، ڈاکٹر محمد قاسم مغل شامل تھے۔
ناظم تنظیمات شمالی پنجاب سید محمود الحسن جعفری نے "کارکن کی اہمیت" کے موضوع پر جامع اور مؤثر خطاب کیا۔ انہوں نے کارکنان کو تحریک کا حقیقی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ ناظم محمد اقبال کاشف نے سابقہ تنظیمی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور ان کے جذبے، قربانی اور مسلسل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ قیادت نے تنظیمی و فکری بنیادوں کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تقریب کے دوران باضابطہ طور پر تحریک منہاج القرآن ضلع سرگودھا شمالی کی نئی قیادت کا اعلان کیا گیا۔ دیرینہ، مخلص اور باعمل رکن مختار احمد بھٹی کو ضلعی صدر جبکہ متحرک اور نظم و ضبط کے حامل آصف محمود لک کو ناظم منتخب کیا گیا۔ نئی قیادت کو حاضرین کی طرف سے بھرپور داد و تحسین اور نیک تمناؤں سے نوازا گیا۔اسی موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع سرگودھا شمالی کی تنظیمِ نو کا اعلان بھی کیا گیا۔ نوجوان قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حافظ بلال کو یوتھ لیگ کا صدر، حافظ مجاہد علی کو نائب صدر، اور محمد عمیر علی کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔
تقریب کا اختتام دعاؤں، محبتوں اور اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ تحریکِ منہاج القرآن کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے وژن کے مطابق مصطفوی سماج کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
تبصرہ