دستور مدینہ دنیا کا پہلا تحریری دستور ہے، تقریب رونمائی سے وکلاء کا خطاب

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی کتب ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ کی تقریب رونمائی
حیات ایڈووکیٹ، آفتاب خان، نوراللہ صدیقی، حافظ محمد ناصر، ریحان خان ایڈووکیٹ، شاہد لطیف کا اظہار خیال

Books launch Ceremony by minhajians Fourm 2025

لاہور (22جولائی 2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی دو کتب ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ اور ”آداب اختلاف“ کی تقریب رونمائی ہوئی۔ تقریب رونمائی کا اہتمام منہاجینز فورم کی طرف سے کیا گیا۔

صدر منہاجینز فورم علامہ شاہد لطیف نے تعارفی گفتگو کی اور تقریب میں شریک مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات اور سکالرز کو خوش آمدید کہا۔ تقریب رونمائی میں سپریم کورٹ کے سینئر وکیل محمد حیات ایڈووکیٹ، منہاج کالج فار ویمن کے پرنسپل آفتاب احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا نوراللہ صدیقی، حافظ محمد ناصر، ریحان خان ایڈووکیٹ، ناصر قادری ایڈووکیٹ، احسن اویس مصطفوی، احسن چشتی نے اظہار خیال کیا۔

نقابت کے فرائض علامہ عین الحق بغدادی نے انجام دئیے۔ مقررین نے پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو ایک شاندار تحقیق دینے پر مبارکباد دی اور کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے دستور مدینہ کے موضوع پر دو جلدوں پر مشتمل تحقیقی کتاب تالیف کر کے تاریخ کو درست کر دیا ہے اور دلائل سے ثابت کیا ہے کہ دساتیر کی تاریخ میں میگنا کارٹا یا امریکہ، برطانیہ کے دساتیر قدیم ترین یا اولین نہیں بلکہ دستور مدینہ دنیا کا پہلا پہلا تحریری دستور ہے۔

محمد حیات خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ کے مارڈرن دساتیر ریاست مدینہ کے آئین سے راہ نمائی لیتے نظر آتے ہیں۔منہاج کالج فار ویمن کے پرنسپل آفتاب احمد خان نے کہا کہ آج جتنے بھی دستور ہیں ان کی عمر تین یا چار سو سال سے زیادہ نہیں ہے جبکہ دستور مدینہ کی عمر 14سو سال ہے۔ وکلاء برادری کو ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی کتاب کا مطالعہ کرنا چاہیے۔

نائب ناظم اعلیٰ میڈیا نوراللہ صدیقی نے پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی کتاب ”آداب اختلاف“ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جتنے بھی جھگڑے ہیں وہ اختلاف کے ادب کو ملحوظ خاطر نہ رکھنے کی وجہ سے ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے پہلے دستور کی تشکیل کے وقت دیگر مذاہب کے نمائندوں کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے بہترین اخلاق اور حکمت عملی سے کام لیا اور دستورمدینہ پر اتفاق رائے حاصل کیا۔ جب گفتگو مدلل اور بامقصد ہو گی تو نتیجہ بھی مثبت برآمد ہو گا۔ حافظ محمد ناصر نے تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری جیسے تعلیم یافتہ، باشعور اور باکردار نوجوان ہی اُمت کا محفوظ مستقبل ہیں۔ ریحان خان ایڈووکیٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر طرف انتشار، طعنہ و تشنیع ہے مگر منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے اُمت کو علم و حکمت کے موتی مل رہے ہیں۔ احسن اویس مصطفوی نے کہا کہ دستور مدینہ اور آداب اختلاف جیسی کتابیں نصاب میں شامل ہونی چاہئیں، ناصر قادری ایڈووکیٹ نے کہا کہ تمام وکلاء دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور اور آداب اختلاف کا مطالعہ کریں یہ دونوں کتب انہیں عدالتوں کے پلیٹ فارم پر بہترین گفتگو کرنے کا اعتماد دیں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top