منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام "ٹریننگ آف ٹرینرز" تربیتی ورکشاپ

تعلیم یافتہ اور ہنر مند خواتین استحصالی رویوں کا خاتمہ کر سکتی ہیں، خرم نواز گنڈاپور
خواتین علم کی طاقت سے معاشرے کی تشکیلِ نو میں کلیدی کردار ادا کر یں: ناظم اعلیٰ
دعوت کا بنیادی تقاضا ہے کہ داعی جو بھی بولے وہ خیر اور سچائی پر مبنی ہو
انجینئر رفیق نجم، لبنیٰ مشتاق، صائمہ نور، عبد الستار منہاجین، ارشاد اقبال کا تربیتی ورکشاپ سے خطاب

Traing of Trainers for Lahore Zone Minhaj women leauge 2025

لاہور (22 جولائی 2025ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ خواتین مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔تعلیم خواتین کو نہ صرف شعور فراہم کرتی ہے بلکہ انہیں اپنی زندگی کے اہم فیصلے کرنے کا اعتماد بھی دیتی ہے۔ خواتین علم، شعور اور تربیت سے سوسائٹی کو استحصالی رویوں سے پاک کر سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام منعقدہ "ٹریننگ آف ٹرینرز" تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تربیتی ورکشاپ سے انجینئر رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعوتِ دین کا بنیادی مقصد انسان کو اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن کرنا ہے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔ اس عظیم مشن میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل لبنیٰ مشتاق نے اس موقع پر "دورِ حاضر میں دعوتِ دین کے تقاضے اور داعی کے اوصاف" کے موضوع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ایک عالم گیر دینی، اصلاحی اور تجدیدی تحریک ہے جس نے ہمیشہ وقت کے تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر دعوتی سرگرمیوں کو منظم کیا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے حضور نبی اکرم ﷺ کو "داعی" کا لقب دیا، جو دعوت کے منصب کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔ دعوت کا بنیادی تقاضا ہے کہ داعی جو بھی بولے وہ خیر اور سچائی پر مبنی ہو، اور جو کچھ سیکھے، اسے دوسروں تک منتقل کرے۔ انہوں نے "عرفان الہدایہ" ڈیپارٹمنٹ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ قرآن فہمی کے فروغ اور عوام الناس کو قرآنی تعلیمات سے جوڑنے کے لیے کورسز اور سرگرمیوں کا بھرپور انعقاد کیا جائے گا۔

ممبر کوآرڈینیشن کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ ارشاد اقبال نے کہا کہ اس ٹریننگ کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ سیکھنے والی خواتین اس تربیت کو نچلی سطح تک مؤثر انداز میں منتقل کریں۔ دعوت دین صرف فرضِ کفایہ نہیں بلکہ فرضِ عین ہے، اس لیے ہر کارکن کو اپنے آپ کو داعی سمجھتے ہوئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ تربیتی ورکشاپ سے ممبر کوآرڈینیشن کونسل منہاج القرآن ویمن لیگ صائمہ نور، ڈائریکٹر سوشل میڈیا عبد الستار منہاجین و دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top