آغوش آرفن کیئر ہوم کے 11 طلبہ کی گریجویشن مکمل
صدر منہاج القرآن پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی طلبہ کو مبارکباد
آغوش آرفن کیئر ہوم میں زیر تعلیم بچوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا: ڈائریکٹر آغوش کرنل(ر) مبشر اقبال
لاہور (23 جولائی 2025) تحریک منہاج القرآن کے ذیلی ادارے آغوش آرفن کیئر ہوم کے چوتھے بیچ کے 11 ہونہار طلبہ و طالبات نے منہاج یونیورسٹی لاہور سے گریجویشن مکمل کر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور خوداعتماد شہری کے طور پر عملی زندگی میں قدم رکھ دیا ہے۔ یہ طلبہ گزشتہ پندرہ سال کے دوران مختلف ادوار میں ادارہ آغوش کے تعلیمی و تربیتی نظام کا حصہ بنے۔
ادارہ آغوش کی جانب سے ان طلبہ کو نہ صرف معیاری تعلیمی ماحول میسر آیا بلکہ اخلاقی تربیت، کردار سازی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے مواقع بھی ملے۔ فارغ التحصیل طلبہ نے بی ایس کمپیوٹر سائنس، اسلامی بینکنگ، انگریزی زبان، سافٹ ویئر انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، ایجوکیشن اور انٹرنیشنل ریلیشنز جیسے مضامین میں ڈگریاں حاصل کیں۔
اس موقع پر چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ان بچوں کو ادارہ آغوش نے جس شعور، علم اور تربیت سے آراستہ کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ یہ اس تعلیم کو معاشرے کی بھلائی اور ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔
ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علم انسان کی اصل طاقت ہے اور یہی وہ میراث ہے جو کسی بھی قوم کو زوال سے نکال کر عروج کی طرف لے جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغوش صرف ایک ادارہ نہیں، بلکہ ایک وژن ہے جو بچوں کو نہ صرف تعلیمی لحاظ سے ممتاز بناتا ہے بلکہ انہیں اسلامی اقدار، حب الوطنی، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کے جذبے سے بھی سرشار کرتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج آغوش کے طلبہ اپنی محنت، لگن اور تربیت کی بدولت معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
طلبہ و طالبات نے بھی اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آغوش نے انہیں جینے کا سلیقہ، آگے بڑھنے کا حوصلہ اور خدمتِ انسانیت کا جذبہ عطا کیا ہے۔
تبصرہ