جو دوست خدا کی یاد دلا دے وہی اصل دوست ہے، پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دوستوں کی پہچان دنیا کے فائدے سے نہیں بلکہ آخرت کی روشنی سے ہونی چاہیے اور اصل دوست وہی ہے جس کی صحبت میں بیٹھ کر اللہ یاد آئے، دل نرم ہو جائے اور اٹھنے کو جی نہ چاہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کہنا تھا کہ ایک سادہ سی کسوٹی ہے جس سے پہچانا جا سکتا ہے کہ کون سی صحبت فائدہ مند ہے اور کون سی نقصان دہ ہے؟ جس مجلس میں بیٹھ کر خدا یاد آئے، دل پر سکون ہو اور روح کو قرار نصیب ہو وہی صحبت آخرت میں نفع دے گی اور جس محفل میں بیٹھنے سے خدا کی یاد نہ آئے اور خوف خدا بھی ختم ہونے لگے جان لو وہ صحبت اور دوستی خسارے والی ہے اور وہ محفل دنیا کے دھوکے کے سوا کچھ نہیں۔

روحانی و فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ زندگی میں اگر کوئی ایسا شخص مل جائے جس کی باتیں، جس کی قربت اور جس کی دوستی خدا سے جوڑ دے، تو سمجھ لیں وہ اللہ کی طرف سے ایک نعمت ہے۔ بعض اوقات انسان کسی ایک ایسے شخص سے ملتا ہے جس کی یاد بھی دل کو خدا کے قریب کر دیتی ہے اور اگر ایسا دوست میسر آ جائے تو وہ بلاشبہ دنیا و آخرت کا خزانہ ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حدیثِ قدسی کے مطابق قیامت کے دن اللہ کے دو بندے جو ایک دوسرے سے اللہ کی خاطر محبت کرتے تھے، چاہے ایک مشرق میں ہو اور دوسرا مغرب میں اللہ انہیں جنت میں ایک ہی مقام پر اکٹھا فرما دے گا۔ ایک بندہ حیرت سے پوچھے گا کہ اے رب؟ میرے تو وہ اعمال نہ تھے کہ میں اس مقام پر کھڑا ہوں، تو اللہ فرمائے گا کہ تُو اس بندے سے میری خاطر محبت کرتا تھا، اسی محبت نے تجھے یہاں لا کھڑا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اصل محبت وہی ہے جو فی اللہ ہویعنی اللہ کے لیے ہو۔ ہر تعلق، ہر ملاقات، ہر دوستی اور ہر خرچ میں اگر اللہ کی رضا شامل ہو جائے تو وہی زندگی کا اصل سرمایہ ہے۔ جو محبت اللہ کے لیے ہو، جو دوستی اللہ کی خاطر ہو، جو تعلق خدا کی رضا کے ساتھ جُڑا ہو، وہی انسان کو جنت کے اعلیٰ درجات تک پہنچاتا ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دنیاوی میل جول اور رفاقت ضرور رکھیں لیکن اس میں اللہ کو شامل رکھیں، یہی وہ رویہ ہے جو انسان کو دنیا میں بھی کامیاب کرے گا اور آخرت میں بھی بلند درجات عطا کرے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top