منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’سیرتِ حبیبِ اعظم ﷺ ‘‘ آن لائن کورس 20 اگست سے شروع ہو گا
نوجوانوں کے دلوں میں عشقِ مصطفی ﷺ بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے: حافظ سعید رضا بغدادی
لاہور (2 اگست 2025) تحریک منہاج القرآن نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ (EPD) کے زیر اہتمام 7روزہ ’ سیرتِ حبیبِ اعظم ﷺ ‘‘ آن لائن کورس کا آغاز 20 اگست سے ہو گا، رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ یہ علمی، فکری اور تربیتی کورس حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ، سیرتِ مبارکہ اور تعلیمات کو جدید علمی و تحقیقی انداز میں عام کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کورس کے ذریعے شرکاء کو نہ صرف سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی فراہم ہو گی بلکہ ان کی عملی زندگی کو حضور ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے لیے رہنمائی بھی دی جائے گی۔
نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر حافظ سعید رضا بغدادی نے کہا ہےکہ اس کورس کا مقصد نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے جوڑنا اور عملی زندگی میں اخلاقِ مصطفوی ﷺ کو پروان چڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورس دینِ اسلام کی اصل روح سے روشناس کرانے اور نوجوانوں کو جدید علمی تقاضوں کے مطابق فکری مضبوطی فراہم کرنے کا اہم ذریعہ بنے گا۔حافظ سعید رضا بغدادی نے کہا کہ "آج کے دور میں سیرت النبی ﷺ کو صرف نصابی کتب تک محدود کر دینا کافی نہیں، بلکہ جدید تحقیقی اور عملی رہنمائی کے ذریعے نوجوانوں کے دلوں میں عشقِ مصطفی ﷺ بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ کورس اسی مقصد کے تحت ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شرکاء حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کر یںاور اسے اپنی زندگی کا حصہ بنا ئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ"سیرتِ حبیبِ اعظم ﷺ کورس نہ صرف ایک تعلیمی پروگرام ہے بلکہ یہ ایک تربیتی سفر بھی ہے جو شرکاء کے کردار، اخلاق اور فکری صلاحیتوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہر فرد حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرے تاکہ معاشرہ حقیقی معنوں میں اسلامی اقدار کا عکاس بن سکے۔
تبصرہ