سندھ بھر میں "شانِ اہل بیت علیہم السلام و اتحادِ امت کانفرنسز"
ایمان کی بقا محبت اہل بیت میں ہے:نائب ناظم اعلیٰ مظہر محمود علوی
تحریک منہاج القرآن صوبہ سندھ کے زیرِاہتمام محرم الحرام 2025 کے دوران سندھ بھر میں "شانِ اہل بیت علیہم السلام و اتحاد امت کانفرنسز" کا بھرپور انعقاد کیا گیا۔ یہ سلسلہ 27 جون سے 3 اگست 2025 تک جاری رہا، جس کے دوران سندھ کے 40 سے زائد شہروں اور قصبوں میں عظیم الشان محافل اور کانفرنسز منعقد ہوئیں۔
تحریک کے نائب ناظم اعلیٰ، ممتاز خطیب اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید مظہر محمود علوی نے ان کانفرنسز میں خصوصی خطابات کرتے ہوئے محبتِ اہل بیت کو ایمان کی اصل اور امت مسلمہ کے اتحاد کی بنیاد قرار دیا۔ ان کانفرنسز کا مقصد فرقہ واریت کا خاتمہ، وحدتِ امت کا فروغ اور اہل بیت اطہار علیہم السلام سے محبت و عقیدت کا پیغام عام کرنا تھا۔ کانفرنسز میں شریک علما، مشائخ اور معززین کو شیخ الاسلام کی شہرۂ آفاق کتاب "النّجَابَہ فی مناقب الصحابہ و القرابہ"بھی پیش کی گئی، جس میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اہل بیت علیہم السلام کے مناقب و فضائل پر مشتمل مستند احادیث کا جامع مجموعہ موجود ہے۔
ان کانفرنسز کا انعقاد جن نمایاں شہروں میں ہوا، ان میں ڈھرکی، گھوٹکی، جیکب آباد، سلطان کوٹ، کوٹ عبدو، سکھر، اگڑا، گمبٹ، مورو، دولت پور، دادو، جامشورو، حیدرآباد پریڈ اباد، حیدرآباد لطیف آباد، حیدرآباد گھمن آباد، میرپور خاص سٹی، میرپور بھٹورو سجاول، کھوسکی مویا، ورڑموری، نیوماتلی لاکھاٹ، جھڈو، ٹنڈو جان محمد، ڈگری، ٹنڈو جام، کھپرو، شہداد پور، مھڑ، تھرڑی محبت شامل ہیں۔ ان روحانی و اصلاحی اجتماعات میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور تحریک منہاج القرآن کی اس کاوش کو بھرپور سراہا۔
تبصرہ