درخت انسانی بقا کے ضامن ہیں: منصور احمد راجہ
فضائی آلودگی اور گلوبل وارمنگ سے بچائو کا واحد حل شجر کاری ہے
اللہ رب العزت نے زمین کو درختوں اور باغات کی زینت دی
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کی منہاج القرآن کے رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (8 اگست 2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی نے سینئر رہنمائوں ڈائریکٹر پی آر شہزاد رسول،ڈپٹی ڈائریکٹرز حاجی محمد اسحاق اور عبد الحفیظ چودھری کے ہمراہ گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے منصور احمد راجہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی شہرہ آفاق کتاب’’اسلام اور ماحولیاتی آلودگی‘‘ مطالعہ کےلئے دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے نے کہاکہ تمام مذہبی، سماجی تحریکوں اور جماعتوں کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کےلئے مل کر کام کرنا چاہئے اور شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے اس کےلئے پی ایچ اے ہر قسم کا تعاون اور رہنمائی مہیا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ درخت انسانی بقا کے ضامن ہیں۔ فضائی آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے خطرات کم کرنے کےلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور جنگلات بڑھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے درختوں اور باغات سے زمین کو زینت دی ہے۔
اللہ کی نعمت زمین کو زیادہ سے زیادہ خوبصورت بنانے کےلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں جہاں انسان کو عطا کی جانے والی نعمتوں کا تذکرہ فرمایاہے وہاں درختوں کا بطور خاص ذکر ہے۔ غیر اسلامی دنیا کےلئے شجر کاری صحت و تندرستی کےلئے ضروری ہے مگر بحیثیت مسلمان شجر کاری مہم میں حصہ لینا عبادت ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی آر منہاج القرآن شہزاد رسول نے ڈی جی پی ایچ اے کو12 اگست کو منہاج یوتھ لیگ کی شجر کاری مہم کے آغاز کی تقریب اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے دورہ کی دعوت دی۔
تبصرہ