اولاد کی اخلاقی تربیت اور انھیں ادب آداب سکھانا والدین کی اولین ذمہ داری ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 11 اگست 2025ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں والدین کو اپنی اولاد کی تربیت سے متعلق پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن والدین سے سب سے پہلا سوال ان کی اولاد کے بارے میں کیا جائے گا، اور یہ پوچھا جائے گا کہ تم نے اپنی اولاد کو کیا ادب سکھایا؟ کیا علم منتقل کیا؟ اور ان کی شخصیت کو کس طرح سنوارا؟

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سیدنا عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ کا قول نقل کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلی وصیت جو ایک باپ کو اپنے بیٹے کو دینی چاہئیے وہ ادب کی تعلیم ہے۔ ادب، Nobal conduct اچھے طور اطوار، سلیقہ مندی، حُسن گفتار اور حُسن کردار کا نام ہے، یہ اوصاف انسان کی شخصیت میں رچ بس جانے چاہئیں۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کہنا تھا کہ ادب دراصل اچھے اوصاف، اچھے خصائل، عادات اور اخلاق کو اپنی طبیعت کا حصہ بنا لینے کا نام ہے۔ صرف شاعری یا خطابت میں مہارت رکھنے والا شخص ادیب نہیں ہوتا، بلکہ اصل ادیب وہ ہے جس کی شخصیت میں اعلیٰ اخلاق پایا جاتا ہو ۔ یہی وہ ادب ہے جسے اہل اللہ اور صالحین سب سے مقدم رکھتے ہیں۔

چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ انسان اگر اپنے بچوں کی تربیت صرف دنیاوی کامیابی کے لیے کرے تو یہ ناکافی ہے، اصل کامیابی یہ ہے کہ اولاد بااخلاق، باادب، صاحبِ سیرت اور صاحبِ علم بنے۔ منہاج القرآن کے ادارے، بالخصوص اس کے تربیتی پروگرام اسی ادب و اخلاق کی روشنی سے نوجوانوں کی شخصیت سنوارنے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ والدین کو اپنی ترجیحات پر نظرثانی کرنی ہوگی۔ بچوں کو مہنگے لباس، موبائل یا گاڑی خرید کر دینا ان کی نگہداشت نہیں ہے بلکہ ان کے دلوں میں اللہ کا خوف، رسول اللہ ﷺ کی محبت اور انسانیت سے حسن سلوک کے جذبات پیدا کرنا اصل تربیت اور کامیابی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top