علم روشنی اور جہالت اندھیرے کا سفر ہے: علامہ رانا محمد ادریس
تحریک منہاج القرآن کا مقصد ہر گھر کو مرکزِ علم میں تبدیل کرنا ہے: جامع شیخ الاسلام میں خطاب
لاہور (15 اگست 2025) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظمِ اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے "علم" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم روشنی اور جہالت اندھیرے کا سفر ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کو معلم کا منصب عطا ہوا۔ منہاج القرآن ہر گھر کو علم کا مرکز بنانے کےلئے کوشاں ہے۔ موجودہ دور میں دنیاوی مصروفیات نے لوگوں کو علم سے دور کر دیا ہے، یہاں تک کہ بنیادی دینی ضروریات کا علم بھی کمزور ہو چکا ہے۔
انہوں نے حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی تصنیف کشف المحجوب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دین کا علم نہ ہو تو اس پر عمل ممکن نہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اور غسل کے مسائل اکثر لوگوں کو معلوم نہیں ہوتے، دین کے متعلق بنیادی تعلیمات سے بہرہ مند ہونا ہر مسلمان کےلئے واجب ہے۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ علم کے بغیر عبادت کرنے والا ایسا ہے جیسے بوجھ ڈھونے والا جانور، جو چلتا تو ہے مگر منزل نہیں پاتا۔ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے: "علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے"، اور قرآن کا پہلا حکم "اقرأ" یعنی پڑھو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سب سے بڑی پہچان علم ہے۔ وہ آج بھی ایک طالب علم کی طرح سیکھ رہے ہیں اور دنیا کو علم کی حقیقیت سے روشناس کروا رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کی نمایاں پہچان بھی علم ہے۔ شیخ الاسلام نے "ہر گھر میں مرکزِ علم" کے قیام کے لیے نصاب تیار کیا ہے تاکہ معاشرے کے ہر فرد کو علم سے جوڑا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بچے کی پہلی تربیت ماں کی گود میں ہوتی ہے، پھر گھر، اسکول، کالج اور یونیورسٹی اس عمل کو آگے بڑھاتے ہیں، لیکن آج یہ ادارے اپنی ذمہ داریوں میں کمی دکھا رہے ہیں۔ مرکزِ علم کے قیام سے آنے والی نسلیں صحیح تربیت اور معیاری علم سے آراستہ ہوں گی۔
تبصرہ