78واں یوم آزادی منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب
نوجوانوں تعلیم، محنت اور اتحاد کے ذریعے ملک کو دنیا میں باوقار مقام دلائیں: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان کی حفاظت، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے: ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
لاہور (14 اگست 2025) پاکستان کے78 ویں یوم آزادی کے موقع پر منہاج القرآن سیکرٹریٹ لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوا۔ جس کے بعد رہنمائوں نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر فضا میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج سنائی دیتی رہی۔ شرکا نے سبز ہلالی پرچم تھامے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ تقریب کی صدارت ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور نے کی۔
تقریب کے آغاز میں خرم نواز گنڈا پور نے شرکاء میں پاکستانی جھنڈے اور قومی پرچم کے بیجز تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے گلاب کی پتیوں سے سجا ہوا قومی پرچم فضا میں لہرایا۔ شرکاء نے ملی نغمہ "جیوے پاکستان" کی دھن پر جھنڈے لہرائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ الحمد اللہ آج پاکستان کے قیام کو 78 سال مکمل ہوچکے ہیں، پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اس کی حفاظت، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، محنت اور اتحاد کے ذریعے ملک کو دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار مقام دلائیں۔
تقریب میں بریگیڈئیر(ر) عمر حیات، جواد حامد، کرنل(ر) خالد جاوید، رانا محمد فیاض،
سہیل احمد رضا، سردار عمر دراز، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، طیب ضیا، مشتاق احمد،
اسامہ مشتاق، عابد بشیر، سرفراز خان سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام
پر پاکستان کی خوشحالی، امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ