جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فارغ التحصیل طلباء کی رئیس الجامعہ سے ملاقات
جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء نے رئیس الجامعہ اور پرنسپل کالج آف شریعہ، پروفیسر ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اگرچہ مختصر تھی، مگر نصائح اور دعاؤں سے بھرپور رہی۔رئیس الجامعہ نے اس موقع پر کہا: "رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: اِنَّمَا بُعِثْتُ مُعَلِّمًا — میں معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں۔"
انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو سات سال آپ نے یہاں تعلیم حاصل کی ہے، وہ اب آپ پر شرعی طور پر فرض ہو چکا ہے کہ اسے معاشرے میں عام کریں، خیر بانٹیں، لوگوں کے مددگار بنیں اور اپنے والدین کی محنت کو ان کے لیے صدقہ جاریہ میں بدل دیں۔
مزید گفتگو میں انہوں نے کہا کہ علم کو آگے پھیلانے سے یہ صدقہ جاریہ بن جائے گا، آپ کے علم میں مزید پختگی آئے گی اور یہ نہ صرف مادی بلکہ اخروی کامیابی کا ذریعہ بھی ہوگا۔ علامہ اقبالؒ کے فرمان "فرد قائم ربط ملت سے ہے" کو دہراتے ہوئے انہوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ جامعہ اور اس کے مشن کے ساتھ ہمیشہ ربط قائم رکھیں۔ رئیس الجامعہ نے نصیحت کی کہ اساتذہ کی توقعات پر پورا اتریں، جامعہ آنے پر ان سے دعائیں ضرور لیں اور یاد رکھیں کہ اساتذہ خلوت میں بھی آپ کے لیے دعا گو رہیں گے۔
شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا: "مطالعہ کو زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور اچھے اعمال کو اپنی طبیعت کا حصہ بنا لیں۔ جب یہ عادت پختہ ہو جائے گی تو آپ کو اس وقت تک سکون نصیب نہیں ہوگا جب تک آپ سے خیر کا عمل صادر نہ ہو۔" ملاقات کے اختتام پر رئیس الجامعہ نے طلباء کے لیے کامیابی اور خدمتِ دین و انسانیت کی دعا کی۔
تبصرہ