سیلاب متاثرین کےلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ریلیف آپریشن جاری

مورخہ: 20 اگست 2025ء

راشن، ادویات اور شیلٹرز کی فراہمی سے ہزاروں متاثرین مستفید ہو رہے ہیں
رضا کار کشتیوں کے ذریعے لوگوںکو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں: انجینئر ثنا اللہ
میڈیکل کیمپس قائم،متاثرین کو علاج و ادویات کی فراہمی جاری ہے: ڈائریکٹر آپریشنزMWF

Minhaj Welfare Foundation Flood Relief Activities Pakistan 2025

لاہور (20 اگست 2025) ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی جانب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پرمتاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن انجینئر ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ اب تک خیبر پختونخوا کے اضلاع بونیر، سوات، شانگلہ، لوئر دیر، باجوڑ، گلگت، سکردو، کشمیر اور مانسہرہ میں ہزاروں خاندانوں کو راشن بیگز، پینے کا صاف پانی، خیمے، پکا ہوا کھانا اور ضروری گھریلو اشیا فراہم کی جا چکی ہیں۔ ادویات اور ابتدائی طبی امداد کےلئے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس بھی قائم کر دئے گئے ہیں، جہاں ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف متاثرین کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انجینئر ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے رضا کار کشتیوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی متاثرہ علاقوں میں عارضی شیلٹرز قائم کر کے بے گھر ہونے والے افراد کو چھت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے مرکزی عہدیداران ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں تا کہ متاثرین کی بحالی کا عمل تیز ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین کی بحالی کا کام مرحلہ وار مکمل ہو گا اور کسی متاثرہ خاندان کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضاکار بونیر، سوات، شانگلہ، لوئر دیر، باجوڑ اور مانسہرہ میں دن رات موجود ہیں اور مقامی آبادی کے ساتھ مل کر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پوری قوم سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کریں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات دوبارہ فراہم کی جا سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top