پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی حضور اکرم ﷺ کی 1500 سالہ جشنِ ولادت کے سلسلہ میں منعقدہ تین روزہ تقریبات کی اختتامی تقریب میں شرکت
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی منہاج یونیورسٹی لاہور میں حسان بن ثابت سنٹر فار ریسرچ اِن نعت لٹریچر کے زیر اہتمام حضور اکرم ﷺ کی 1500 سالہ جشنِ ولادت کے سلسلہ میں منعقدہ تین روزہ تقریبات کی اختتامی تقریب میں شرکت۔
اختتامی تقریب میں ’’صوبائی مقابلہ حسنِ نعت‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نعتیہ ادب اور نعت خوانی کے مقابلوں کا مقصد محض اظہارِ محبت نہیں بلکہ یہ نوجوان نسل میں عشقِ رسول ﷺ کی روشنی بیدار کرنے کا ذریعہ ہے تاکہ طلبہ کی دینی اور فکری تربیت کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عشقِ رسول ﷺ ہی وہ جذبہ ہے جو طلبہ کو ایک بہترین انسان اور ذمہ دار شہری بننے کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔
صوبائی مقابلہ حسنِ نعت میں صوبہ پنجاب کی 100 سے زائد جامعات کے طلباء و طالبات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ معروف ثناء خوان اختر حسین قریشی، محمد رفیق ضیاء اور حافظ حفظ الرحمان نے ججز کے فرائض انجام دیے۔
شعبہ پبلک ریلیشنز اور عوامی تاجر اتحاد کے خصوصی تعاون سے منعقدہ اس تقریب میں ڈائریکٹر حسان بن ثابت سنٹر فار ریسرچ اِن نعت لٹریچر ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی، معروف ثناء خواں افضل نوشاہی، ڈپٹی ڈائریکٹر HCRN راشد حمید کیانی، معروف تاجر رہنما شفیق احمد بٹ، ڈاکٹر محمد صالح، چودھری محمد وسیم، شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق، محمد راشد چوہدری، خرم ثاقب بھٹی، عابد بشیر رندھاوا سمیت منہاج یونیورسٹی لاہور کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
صوبائی مقابلہ حسنِ نعت میں بوائز کیٹگری میں آفتاب قمر قادری نے پہلی، طارق علی نے دوسری جبکہ علی زین نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گرلز کیٹگری میں مہک بتول نے پہلی، اریبہ شفیق نے دوسری اور میسر ملک نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے صوبائی مقابلہ حسنِ نعت، نعتیہ شاعری اور سیرت کوئز مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز جبکہ مہمانان میں سووینئرز تقسیم کیے۔
تبصرہ