آمد ربیع الاول پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مبارکباد

مورخہ: 25 اگست 2025ء

آپ ﷺ کی ولادت پاک سے بڑھ کر کائنات کیلئے اور کوئی بڑی خوشی اور نعمت نہیں ہے
آپ ﷺ سے اظہارِ محبت کا بہترین طریقہ آپؐ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونا ہے، بانی منہاج القرآن

Congratulations Message of Shaykh-ul-Islam Dr. Muhammad Tahir-ul-Qadri on the Arrival of Rabi-ul-Awwal

لاہور (25 اگست 2025) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آمد ربیع الاول کے موقع پر پوری اُمت مسلمہ کو ولادتِ پاک ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہِ ربیع الاول خوشی اور محبت کا پیغام لے کر آتا ہے۔ بلاشبہ آپ ﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کائنات کیلئے اور کوئی بڑی خوشی اور نعمت نہیں ہے۔ آپ ﷺ نے دنیا کو علم سے محبت کرنا سکھایا اور حقوق و فرائض کا ایک جامع چارٹر عطا فرمایا۔ آپ ﷺ نے پہلی بار انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے حقوق کا بھی تصور پیش کیا اور اعتدال و رواداری کی فکر دی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کے ساتھ حقیقی عقیدت و محبت اور مودت یہ ہے کہ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنے شب و روز کے معمولات کا حصہ بنالیاجائے اور ہماری زندگی کاایک لمحہ بھی سیرت و سُنت مصطفی ﷺ سے باہر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اُمت محمدیہ کا ہر فرد اپنے قول و فعل میں مصطفوی سیرت کا آئینہ دار بن جائے۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ یہ ہے کہ آپ آسانیاں پیدا فرماتے، دوسروں کا بوجھ ہلکا کرتے، دوسروں کے آرام و سکون کا خیال رکھتے، کمزور کی دستگیری اور اعانت فرماتے، آپ ﷺ نے انتہا پسندانہ رویوں کے مقابلے میں ہمیشہ نرم خوئی، خوش اخلاقی، وسعتِ نظری اور کشادہ ظرفی کا مظاہرہ فرمایا، آپ ﷺ نے برائی کا ہمیشہ اچھائی سے جواب دیا، رواداری، محبت و اخوت، رحمت و شفقت، عفو و درگزر، صبر و استقامت، احترام و تکریم، نرم دلی، نرم خوئی، نرم جوئی، شرافت، سخاوت، خیر خواہی، حلم و بردباری آپ ﷺ کی پاک سیرت طیبہ کے قابلِ تقلید اور قابلِ فخر اوصاف ہیں۔ آپ ﷺ انسانوں میں سب سے زیادہ سخی، مہمان نواز اور صبر و استقامت کا کامل نمونہ ہیں۔ آپ ﷺ کو رحمۃ للعالمین کا ٹائٹل کسی اُمتی نے نہیں بلکہ اللہ رب العالمین نے عطاء فرمایا ہے۔ سیرت طیبہ پر عمل دنیا و آخرت کے لئے کامیابی اور نجات کا راستہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top