منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کا سالانہ مشعل بردار جلوس
نبی اکرم ﷺ کی آمد سے انسانیت کو امن کا پیغام ملا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
اونٹوں، بگھیوں اورگھوڑوں پر عربی لباس پہنے ننھے بچے درود پاک پڑھتے رہے
شالامار لنک روڈ کے تاجروں نے جلوس کا استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں
خرم نواز گنڈاپور، انجینئر رفیق نجم، اقبال حسین باجوہ، ناظم علی رحمت، شہباز حسین بھٹی و دیگر رہنمائوں کی شرکت
لاہور (25اگست 2025)منہاج القرآن لاہور عزیز بھٹی ٹائون کی طرف سے استقبال ربیع الاول کے نکالے گئے عظیم الشان مشعل بردار جلوس سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ربیع الاول حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادتِ پاک کا مقدس مہینہ ہے۔ آپ ﷺ کی ولادت کی خوشی منانا آپ ﷺ سے والہانہ اظہارِ عقیدت و محبت کی ہی ایک صورت ہے۔ انہوں نے عزیز بھٹی ٹائون کے عہدیداروں کو آقا کریم ﷺ کی ولادت کی خوشی میں استقبالِ ربیع الاول کا عظیم الشان جلوس نکالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ آپ ﷺ کی مبارک آمد کے بعد دنیا ظلمت کدہ سے علم کے نور کا مرکز بن گئی۔ آپ ﷺ کی آمد سے کمزوروں کو تحفظ، مظلوموں کو انصاف، یتیموں کو شفقت، اقلیتوں کو حقوق، خواتین کو عزت ملی، غلاموں کو آزادی ملی۔ آپ نے اعتدال اور بین المذاہب رواداری کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ کی آمد سے جنگ و جدل میں الجھی ہوئی انسانیت کو امن کا پیغام ملا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شرکائے جلوس سے کہا کہ جس جوش و خروش کے ساتھ آپ آج کے استقبال ربیع الاول کے جلوس میں شریک ہیں اسی جوش و جذبہ کے ساتھ 5 ستمبر کی رات مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں منعقدہ عظیم الشان 42 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں بھی شرکت کریں۔ استقبال ربیع الاول کے جلوس پر شالامار لنک روڈ کے تاجروں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شرکائے جلوس کو خوش آمدید کہا۔ جلوس کے راستے کو خیر مقدمی بینرز اور عمارتوں کو چراغاں کر کے سجایا گیا تھا۔
میزبان شہباز بھٹی صدر لاہور اقبال حسین باجوہ اور عزیز بھٹی ٹائون کے ذمہ داروں نے شرکائے جلوس کا پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا جلوس کے ہمراہ عربی لباس زیب تن کئے ہاتھوں میں مشعلیں لئے ہوئے بڑی تعداد میں بچے شریک تھے۔ سجے ہوئے اونٹ، گھوڑے اور بگھیاں جلوس کے ہمراہ چلتے رہے۔ جلوس کا جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا جاتا رہا۔ جلوس مغل پورہ سے شروع ہو کر شالا مار لنک روڈ سے ہوتا ہوا جی ٹی رود بھگوان پورہ پر اختتام پذیر ہوا۔
ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، صدر منہاج القرآن لاہور اقبال حسین باجوہ، ناظم لاہور ناظم علی رحمت، صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی، پیر سید گلزار حسین شاہ، ، ثنا اللہ خان، اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاویدسمیت دیگر رہنما ئوں نےجلوس میں خصوصی شرکت کی۔
صدر تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن شہباز حسین قادری، ناظم صفدر اقبال قادری، طارق الطاف، حاجی محمد امجد قادری، شیخ حنیف، شیخ وکیل احمد، محمد اسلم طاہر، جاوید مصطفیٰ، حاجی عبد الخالق، انجینئر شفاقت علی مگل، علامہ مفتی محمد رفیق رندھاوا، محمد خلیل حنفی، محمد اسامہ ملک، حاجی فرخ خان قادری و دیگر رہنمائوں نے جلوس کے شرکا کا استقبال کیا۔
تبصرہ