ایمان صرف حضور نبی اکرم ﷺ سے محبت کا نام ہے: انجینئر رفیق نجم
حیات طیبہ میں آپ ﷺ کی ولادت کی خوشی منانے کا آغاز ہو گیا تھا: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام ضیافت میلاد سے خطاب، طلبہ و راہنماؤں کی شرکت
لاہور (28 اگست 2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے 3 ربیع الاول کو کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام ضیافت میلاد میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی منانے کاآغاز حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات اقدس سے ہی ہو گیا تھا۔ آپ ﷺ ہر سوموارکو روزہ رکھتے اور آپ ﷺ نے اپنی ولادت کی خوشی میں ضیافت کا بھی اہتمام فرمایا۔ ضیافت میلاد میں ڈائریکٹر کالجز ونگ کمانڈر(ر) عبدالغفار خان، راجہ زاہد محمود، نائب ناظم اعلیٰ نوراللہ صدیقی، ڈاکٹر کاشر رفیق، حافظ سعید رضا بغدادی، ڈاکٹر سید افتخار شاہ بخاری، سردار عمر دراز خان، محمود الحسن جعفری، طیب ضیا و دیگر نے شرکت کی۔
ونگ کمانڈر عبدالغفار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آقا ﷺ کی ولادت کی خوشی منانا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی سنت ہے۔ یہ کہنا کہ میلاد النبی کی محافل کا آغاز آپ ﷺ کے وصال کے 6 سو سال بعد ہوا ایک مغالطہ اور عدم مطالعہ کا نتیجہ ہے۔ اہل علم حضرات کی طرف سے اس غلط فہمی اور کج بینی کو علمی استدلال کے ساتھ رد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی منانے کے حوالے سے ابہام و تشکیک پیدا کرنا بدبختی ہے۔
ڈاکٹر کاشر رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نام ہی محبت رسول ﷺ کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلال و حرام، حقوق و فرائض کی انجام دہی حوالہ جات کی مرہون منت ہے مگر محبت ایک کیفیت کا نام ہے جو کسی ذات کے ساتھ والہانہ لگاؤ کے نتیجے میں جنم لیتی ہے۔ کوئی اس کیفیت کی حد بندی نہیں کر سکتا۔ اعمال کی کمی تو معاف ہو سکتی ہے مگر محبت رسول ﷺ کی کمی ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی اُس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اُسے اُس کے والدین، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے محبوب نہ ہو جاؤں۔ ضیافت میلاد کا آغاز قاری خالد حمید کاظمی کی تلاوت سے ہوا۔ کالج آف شریعہ کے طلبہ نے بحضور سرور کونین درود و سلام اور نعتوں کا ہدیہ پیش کیا۔
تبصرہ