میلاد کی حقیقی خوشی مصیبت زدہ خاندانوں کا سہارا بننے میں ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
پبلک ریلیشنز اور عوامی تاجر اتحاد کی طرف سے تاجر برادری کے اعزاز میں ضیافت میلاد
میاں انجم نثار، فہیم الرحمان سہگل، خرم نواز گنڈاپور، شہزاد رسول، حاجی اسحاق، چوہدری محمد راشد کی شرکت
لاہور (3 ستمبر 2025) منہاج القرآن کے شعبہ پبلک ریلیشنز اور عوامی تاجر اتحاد کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں تاجروں کے اعزاز میں عظیم الشان ’’ضیافت میلادالنبی ﷺ‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں بیرونِ ملک سے آئے سکالرز، شہر بھر سےمختلف تجارتی تنظیموں کے رہنمائوں، صنعتکاروں اور دکانداروںنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد عالمی شہرت یافتہ نعت خوان حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ معاشی بحرانوں سے نکلنے کے لیے سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنا رہنما بنانا ہوگا۔ میلاد النبی ﷺ کا پیغام اتحاد، امن اور اخوت ہے۔
تاجر برادری سنت نبوی پر عمل کرتے ہوئے دیانت و صداقت کے اصول اپنائے تو معاشرے میں برکت، انصاف اور خوشحالی آئے گی۔ انہوںنے کہا کہ تجارت خاتم النبین حضور نبی کریم ﷺ کا پیشہ رہا ہے۔ تاجر برادری کو چاہئے کہ وہ اپنے لین دین میں ایمانداری، نرمی اور اخلاص کو اپنائے تاکہ کاروبار کے ساتھ ساتھ آخرت بھی سنورے۔ پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ میلادالنبی ﷺ ہمیں عشقِ رسول ﷺ کے ساتھ ساتھ اعمال صالحہ کی تعلیم دیتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنی سیرتِ مبارکہ کے ذریعے انسانیت کو ہر بحران سے نجات کا راستہ دکھایا۔ میلاد کی اصل خوشی سیلاب سے متاثرہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے دکھ بانٹنا اور ان کی بحالی میں عملی کردار ادا کرنا ہے۔ حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کے لیے کردار ادا کرنا ہی دراصل میلاد کا حقیقی پیغام اور سیرتِ مصطفی ﷺ پر عمل ہے۔
تقریب میں چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، سیکرٹری جنرل عوامی تاجر اتحاد چوہدری محمد راشد، اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول چوہدری نے استقبالیہ کلمات میںتاجر رہنمائوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں کینیڈا سے آئےفضیلة الشیخ الأستاذ ڈاکٹر احمد بدرة، فضیلة الشیخ ڈاکٹر عبد الملک البرودی، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، میاں انجم نثار، فہیم الرحمن سہگل، شعبان اختر، بیرسٹر عامر حسن، پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، انجینئر محمد رفیق نجم، ڈاکٹر خرم شہزاد، علی عمران، نور اللہ صدیقی، ثاقب بھٹی، شہزاد خان، جنید وارثی، رانا شکیل، اقبال مصطفوی، میاں محمد واثق، اقبال مصطفوی و دیگر سماجی، علمی شخصیات اورتاجررہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ