پاک چائنا فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کی تقریبِ رونمائی، صاحبزادہ ڈاکٹر ساجد الرحمان کا اظہارِ خیال
منہاج القرآن انٹرنیشنل و نظام المدارس پاکستان کے زیرِاہتمام پاک چائنا فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی تفسیرِ قرآن، علومِ تفسیر، حدیثِ نبوی ﷺ اور سیرتِ طیبہ کے موضوعات پر مشتمل نئی فقیدالمثال تصانیف کی پُروقار تقریبِ رونمائی سے سابق نائب صدر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی، صاحبزادہ ڈاکٹر ساجد الرحمان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی غبار شیخ الاسلام کے نام اور علمی مقام پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے فرقہ پرستی اور انتشار کے دور میں سب مسالک کو یکجا کیا اور امت مسلمہ کو فکر و عمل کی ایک نئی سمت عطا کی۔ ان کی سوچ اور فکر نے نوجوانوں کی زندگیوں میں ایک عظیم انقلاب برپا کیا ہے۔ ان کے شہرِ اعتکاف کے زیرِ سایہ برائی کی آوازیں دبتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں اور خیر کا پرچم بلند نظر آتا ہے۔
ڈاکٹر ساجد الرحمان نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کی ہر تصنیف امت کے لیے ایک روشن مینار ہے۔ یہ کتب نہ صرف علمی و تحقیقی کارنامے ہیں بلکہ دلائل کے ساتھ لوگوں کے ذہنی سوالات اور فکری اشکالات کا جواب بھی فراہم کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا مطالعہ کرنے والا شخص صرف علم ہی نہیں بلکہ ایمان اور عشقِ رسول ﷺ کی حرارت بھی اپنے دل میں محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک سچے عاشقِ رسول ﷺ ہیں، جنہوں نے اپنے علمی سفر میں محبتِ مصطفی ﷺ کو مرکز و محور بنایا۔ اس موقع پر انہوں نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے اشعار بھی بطور حوالہ پیش کیے اور کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت اقبال کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج کے نوجوان ان تصانیف سے رہنمائی حاصل کریں تو نہ صرف ان کی زندگی سنور سکتی ہے بلکہ پوری امتِ مسلمہ اتحاد، محبت اور علم کے روشن راستے پر گامزن ہو سکتی ہے۔
تبصرہ