کالج آف شریعہ میں بانیٔ پاکستان کے یومِ وصال پر دعائیہ تقریب
طلبہ و اساتذہ کی جانب سے قائداعظمؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت
قائداعظمؒ کی دیانت و اصول پسندی طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہے: ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی
قائداعظمؒ نے تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح دی، نوجوانوں کو کردار سازی پر توجہ دینا ہوگی
پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے قائد کے خواب کی تکمیل ضروری ہے: پرنسپل کالج آف شریعہ
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیرِاہتمام بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ وصال کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ اور کالج کی انتظامیہ کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔
کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظمؒ کی انتھک جدوجہد اور بے لوث قیادت کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ طلبہ اور نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بانیٔ پاکستان کے افکار—اتحاد، ایمان اور تنظیم—کے پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں تاکہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک پُرامن، خوشحال اور مضبوط ریاست بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ قائداعظمؒ نے جس خلوص، دیانت اور عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی کی، وہ آج ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور علم کو اپنا ہتھیار بنا کر پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظمؒ نے تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح دی اور واضح کیا کہ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو قائد کے افکار سے روشناس کرائیں تاکہ نئی نسل پاکستان کے اصل نظریے اور بنیاد سے آگاہ رہے۔
اس موقع پر طلبہ نے قومی ترانہ اور ملی نغمے بھی پیش کیے اور بانیٔ پاکستان کی خدمات کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر بانیٔ پاکستان کے درجات کی بلندی اور وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
تبصرہ