جامع المنہاج لاہور میں دو روزہ عالمی فنِ قراءت کورس کی اختتامی تقریب کا انعقاد
ایران سے آئے انٹرنیشنل قرآ نے طلبہ کو تلاوت، تجوید اور فنِ قراءت کی عملی تربیت دی
ملک بھر کے 50 شہروں اور 100 مدارس سے 300 طلبہ و قراء کی کورس میں شرکت
نوجوان نسل کو قران سے جوڑنے کےلئے اس طرح کے کورسز نہایت اہمیت کے حامل ہیں: مقررین
محمد عباس نقشبندی، سہیل احمد رضا، کرنل(ر) مبشر اقبال، قاری سید خالد حمید کاظمی کی شرکت
لاہور (11ستمبر2025) منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن کے زیراہتمام جامع المنہاج آغوش کمپلیکس لاہور میں دو روزہ ’’عالمی فنِ قراءت کورس‘‘ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب میں ملک پاکستان کے نامور قرآن و اساتذہ کے ساتھ ساتھ ایران اور عراق سے بین الاقوامی شہرت یافتہ قراء نے خصوصی شرکت کی ۔مہمان قرآ نے اپنی دلنشین آواز میں قرآن کریم کی تلاوت سے حاضرین کو مسحور کر دیا۔
ایران و عراق سے تشریف لانے والے معروف قراء شیخ القراء قاری حامد شاکر نژاد، زینت القراء صالح مہدی زادہ اوراستاد القراء قاری حسنین جعفر حسن الحلو نے طلبہ کو تلاوت، تجوید اور فنِ قراءت کی عملی تربیت دی ۔ تقریب میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل(ر) مبشر اقبال، پرنسپل منہاج انسٹیٹیوٹ علامہ محمد عباس نقشبندی، وائس پرنسپل قاری سید خالد حمید کاظمی سمیت اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔
سہیل احمد رضا نے انٹرنیشنل قرا اور محفل ٹی وی تہران کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ زینت القراء صالح مہدی زادہ اور استاد القراء قاری حسنین جعفر حسن الحلو نے اپنی دلنشین تلاوت سے شرکاء کو محظوظ کیا، جبکہ شیخ حسنین جعفر حسن الحلو نے مقامِ حجاز میں فنِ قراءت کی باریکیاں بیان کرتے ہوئے مشق بھی کروائی۔
اس تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے مدارس و بورڈز سے آئے ہوئے طلبہ و اساتذہ اور ملک بھر کے 50 سے زائد شہروں اور 100 سے زیادہ مدارس و بورڈز سے تقریباً 300 طلبہ، قراء اور اساتذہ شریک ہوئے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن علامہ محمد عباس نقشبندی نے ایران سے آئے قرا کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ فن قرآت کورس قرآن کریم کی تلاوت کو حسن صوت اور تجوید کے ساتھ عام کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قران سے جوڑنے کےلئے اس طرح کے کورسز نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
وائس پرنسپل قاری سید خالد حمید کاظمی نے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت قلوب کو سکون اذہان کو روشنی اور معاشرے کو اتحاد فراہم کرتی ہے اس دو روزہ فن قرآت کورس سے طلبہ کو تجوید،مخارج اور حسن قرآت کے ساتھ قرآن پڑھنے میں بے پناہ بہتری حاصل ہوئی ہے۔
تبصرہ