تحفیظ القرآن و آغوش کمپلیکس میں ’’میلاد ڈنر‘‘ طلبا و والدین کی شرکت
سیرت النبی ﷺ میں قیادت و رہنمائی کا کامل نمونہ موجود ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
سیرت النبی ﷺ پر عمل طلبہ کو مستقبل کے بہترین قائد بنا سکتا ہے: صدر منہاج القرآن
کرنل (ر) مبشر اقبال، اظہر صدیق ایڈووکیٹ، آصف چوہدری، ڈاکٹر محمد صالح، میاں زاہد اسلام، نور اللہ صدیقی کی شرکت
لاہور (12 ستمبر 2025) آغوش کمپلیکس اور منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن کے زیرِاہتمام 1500سو سالہ جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک یروقار’’ میلاد ڈنر‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اساتذہ، طلبہ و طالبات، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت چیئرمین آغوش کمپلیکس و صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ طلبہ و طالبات نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر کیں اور باگارہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔
ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں سینئر قانون دان اظہر صدیق ایڈووکیٹ، معروف کاروباری شخصیات آصف چوہدری، ڈاکٹر محمد صالح، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک میاں زاہد اسلام، نور اللہ صدیقی، سینئر صحافی عمران رندھاوا، ڈاکٹر علی وقار، پرنسپل تحفیظ القرآن علامہ محمد عباس نقشبندی، قاری سید خالد حمید کاظمی، الطاف حسین رندھاواو دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نےکہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے اعلیٰ اخلاق، عفو و درگزر اور خدمت انسانیت کے ذریعے قیادت و رہنمائی کا وہ عملی نمونہ پیش کیا جو قیامت تک کےلئے کامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سچا رہنما وہی ہے جو اپنی ذات کی بجائے عوام کی بھلائی کو مقدم رکھے اور یہ وصف سیرت رسول ﷺ سے ہی میسر آتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ ہمارے لیے ہر دور میں مینارۂ نور ہے اگر نوجوان اس سے رہنمائی لیں تو اپنی شخصیت کو نکھار کر دوسروں کے لیے خیر و امن کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگیاں تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق سنواریں اور عاجزی و خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ آغوش کمپلیکس محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ کردار سازی اور تعمیرِ شخصیت کا مرکز ہے، جو نئی نسل کو اخلاق، خدمت اور رہنمائی جیسے اوصاف سے آراستہ کر رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، فکری اور تحقیقی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آغوش کمپلیکس اور منہاج انسٹی ٹیوٹ کا تعلیمی نظام آنے والی نسلوں کی رہنمائی اور کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ تقریب میں شہزاد رسول، حاجی محمد اسحق، عابد بشیر، صوفی مقصود احمد، ڈاکٹر علی وقار، علی محی الدین، طیب ضیا و دیگر رہنما شریک تھے۔
تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے ملکی سلامتی، سیلاب زدگان اور جملہ شرکائے محفل کے لیے خصوصی دعا کی۔ چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منتظمین کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور آغوش گرائمر اسکول کے طلبہ و طالبات کو امتحانات میں امتیازی پوزیشنز حاصل کرنے پر شیلڈز سے نوازا۔
تبصرہ