منہاج القرآن کبیر والا کے زیراہتمام سیرت مصطفیٰ ﷺ کانفرنس
سیرت مصطفیٰ ﷺ انسانیت کے لئے محبت واخوت کا کامل پیغام ہے: علامہ رانا محمد ادریس
ظلم، نا انصافی اور انتہا پسندی کا خاتمہ تعلیمات مصطفیٰ ﷺ میں مضمر ہے: نائب ناظم اعلیٰ
نوجوان نسل کو سیرت طیبہ سے روشناس کرانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے: خطاب
منہاج القرآن کبیر والا کے زیراہتمام سیرت مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں عشاقانِ رسول ﷺ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ حکیم سے ہوا اورثناء خواں حضرات نے آقائے دوجہاں ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔
تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری نےاپنے خطاب میں کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ تمام انسانیت کےلئے امن، محبت، اخوت اور خیر خواہی کا کامل پیغام ہے۔ آپ ﷺ کی مبارک زندگی دنیا کے ہر شعبے کے لئے بہترین نمونہ اور راہ نما ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا واحد حل قرآن و سنت سے وابستگی اور حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ آج دنیا کو سب سے زیادہ نبی رحمت ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تا کہ معاشرے سے ظلم،نا انصافی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ سیرت مصطفی ﷺ کا پیغام ہمیں اخوت، مساوات، عدل و انصاف اور محبت کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت سے روشناس کرانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی زندگیاں سیرت طیبہ کے مطابق ڈھال کر ملک و قوم کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
تحریک منہاج القرآن کبیر والا کے زیراہتمام منعقدہ عظیم الشان ’’ سیرت مصطفیٰﷺ کانفرنس ‘‘ میں علما، مشائخ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ موجودہ دور میں امت کو جس سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے وہ ایمان و کردار کی کمزوری ہے۔ دنیاوی محبتوں اور وقتی مفادات نے دلوں کو گھیر رکھا ہے۔ ان حالات میں سیرت مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کا پیغام ہے کہ ہمیں اپنی ترجیحات درست کرنا ہوں گی اور اپنی محبتوں کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لیے خالص کر نا ہوگا۔ یہی راستہ ہمیں دنیا و آخرت میں عزت و سرفرازی عطا کرے گا۔
تبصرہ