منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خیمہ بستی میں رہائش پزیر سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی
18 متاثرہ خاندانوں نے 22 دن خیمہ بستی میں قیام کیا، رہنماؤں نے الوداع کیا
دین ہمیں دکھی انسانیت کی مدد سکھاتا ہے: نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس
لاہور (16 ستمبر 2025) تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) کے زیراہتمام لاہور چوہنگ کے علاقے میں قائم 18 خاندانوں پر مشتمل سیلاب متاثرین کے لئے قائم خیمہ بستی کے مکینوں کی پانی اترنے کے بعد گھروں کو واپسی شروع ہو گئی ہے۔ تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنماؤں نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس، صدر لاہور اقبال حسین باجوہ، پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم علی رحمت، کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن لاہور کیپٹن(ر) عبد المجید، رانا وکیل خان منج، حاجی خالد محمود، ممتاز کچھی، محمد اویس بھٹی، اشرف بھٹی، چوہدری افضل گجر، اسلم کھوکھر سمیت دیگر رہنماؤں نے خیمہ بستی سے سیلاب متاثرین کو الوداع کیا۔
رانا محمد ادریس نے کہا کہ سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں۔ اللہ نے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کو میزبانی کی توفیق دی۔ دین ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ مشکل کا شکار بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے، ہمیں دعا کرتے رہنا چاہئے کہ اللہ رب العزت اس آزمائش سے محفوظ رکھے اور اللہ کے شکریہ کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ دکھی انسانیت کی دل کھول کر مدد کی جائے۔ اس موقع پر متاثرین سیلاب کو ایک مہینہ کا راشن و دیگر اشیائے ضروریہ بھی دی گئیں۔ 22 روزہ قیام کے دوران متاثرین سیلاب کو رہائش، بچوں کے لئے سکول، مسجد، طبی امداد، ادویات و دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں تھیں۔
تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے گھروں کو واپس جانے والے خاندانوں کو الوداع کہا۔گھروں کو واپس جانے والے متاثرین سیلاب نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے فلاحی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔ 18 خاندان 22روز تک منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے مہمان بنے۔
تبصرہ