منہاج ویلفیئر کے وفد کا الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ
سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق
عدنان سہیل کی نوجوان رضاکاروں کو قریب لانے کے لئے مشترکہ پروگرامز کی تجویز
لاہور (17 ستمبر 2025) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈائریکٹر آپریشنز عدنان سہیل اور کنٹری ڈائریکٹر آپریشنز پاکستان انجینئر ثناء اللہ خان نے وفد کے ہمراہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفترکا دورہ کیا۔ جہاں وفد کو ادارہ کی فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر مشتاق مانگٹ موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور الخدمت کی فلاحی تنظیمیں مستقبل میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گی بالخصوص سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ عدنان سہیل نے تجویز دی کہ دونوں تنظیموں کے نوجوانوں کو امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے عالمی معیار کی تربیت دی جانی چاہئے تا کہ خدمت خلق کے منصوبہ جات بروقت پایہ تکمل کو پہنچ سکیں۔
ہیڈ والنٹیرز ڈیپارٹمنٹ الخدمت فاؤنڈیشن کیپٹن ثنان اکبر نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے وفد کو ہیڈ آفس کا تفصیلی دورہ کرایا اور انہیں الخدمت فاؤنڈیشن کے جاری منصوبوں، فلاحی سرگرمیوں اور امدادی اقدامات سے آگاہ کیا۔ سی ای او الخدمت فاؤنڈیشن خبیب بلال نے عدنان سہیل اور وفد کے دیگر اراکین کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔ اس ملاقات میں معظم مصطفوی، محمد اعظم ، وجاہت علی بھی موجود تھے۔
تبصرہ