پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تاجدارِ کائنات ﷺ کی شان و عظمت کو منفرد انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ: اللہ جسے خود چاہتا ہے اپنے حضور میں قربِ خاص کے لیے منتخب فرما لیتا ہے اور اپنی طرف آنے کی راہ دکھا دیتا ہے ہر اُس شخص کو جو اللہ تعالیٰ کی طرف قلبی رجوع کرتا ہے۔ اس ایک آیتِ مبارکہ میں اللہ رب العزت نے دو طبقات کا ذکر فرمایا ہے۔ ایک وہ طبقہ جس کو اللہ رب العزت نے چاہا اور اپنے قریب کر لیا اور دوسرا وہ طبقہ جس نے اللہ رب العزت کا چاہا اور اللہ رب العزت نے اُس کو اپنی طرف آنے کا راستہ دکھا دیا۔ یوں کہنا بے جا نہ ہوگا کہ جن دو طبقات کا ذکر کیا اُس میں سے پہلا طبقہ اُس کی مراد بن گئے، اور دوسرا طبقہ اُس کے مُرید بن گئے۔

علامہ اسماعیل حقی علیہ الرحمہ (اللَّهُ يَجْتَبِي إِلَيْهِ مَنْ يَشَاءُ وَيَهْدِي إِلَيْهِ مَنْ يُنِيبُ) کی تفسیر میں بیان کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کا بندے کو چُننا اُس کو فیضِ الٰہی کے ساتھ خاص کرنا ہے، جس سے کئی قسم کی نعمتیں بندے کی کوشش کے بغیر حاصل ہو جاتی ہیں۔ اور اس طبقہ میں انبیائے کرام، صدیقین اور اپنے ادوار کے مجددین اور اولیاء و شہداء ہیں۔

اِسی طرح امام آلوسیؒ اسی آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں کہ: اللہ تعالیٰ جس کو اپنی طرف چُننا چاہتا ہے اُسے چُن لیتا ہے اور اُسے فیضِ الٰہی کے ساتھ خاص کرتا ہے، جس سے اُس کو مختلف قسم کی نعمتوں سے نوازا جاتا ہے۔

اِسی آیتِ مبارکہ کی تفسیر میں قاضی ثناء اللہ پانی پتی لکھتے ہیں کہ: صوفیاء کرام نے کہا کہ جس کو خدا نے چُنا اور اپنی ذات کی طرف اُس کے اختیار کے بغیر اُس کو جذب کر لیا، وہ شخص اللہ تعالیٰ کی مُراد ہے، اور ایسے لوگوں میں انبیاء، صدیقین اور شہداء ہوا کرتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے عظمتِ مصطفی ﷺ کے متعلق مزید بیان کرتے ہوئے کہا کہ: اللہ رب العزت فقط اپنے فضل و کرم سے بغیر کسی کوشش اور عمل کے انبیاء کو نبوت سے نوازا ہے۔ انبیاء کو اپنے قریب کسی عمل کی وجہ سے نہیں کیا، اُن کو صرف چاہا اور اُن پر نگاہِ شفقت فرمائی، توجہ فرمائی اور اپنی طرف جذب کر لیا اور اپنی قربت سے نواز دیا۔

تمام انبیاء کرام کو منصبِ نبوت صرف اللہ تعالیٰ کے انتخاب اور چاہت سے عطا ہوا۔ یعنی بغیر کسی کوشش اور بغیر کسی عمل کے اللہ تعالیٰ نے اُن کو نبوت سے نوازا ہے۔ جتنے انبیاء ہیں وہ سب اللہ تعالیٰ کی چاہت کی وجہ سے نبوت و رسالت کے مقام پر فائض ہوئے۔

کسی عملِ صالح کی وجہ سے انبیاء کو نبوت نہیں ملی بلکہ فقط اللہ تعالیٰ کی چاہت کی وجہ سے اُن کو نبوت عطا ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے اُن کو چاہا اور اُن کو نبوت کے مقام پر فائض فرمایا، اور یہ انتخاب کسی عملِ صالح کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ اللہ تعالیٰ کی محبت کی وجہ سے تھا جو اللہ تعالیٰ نے اُن کی ذات سے کی۔

قاضی ثناء اللہ پانی پتی مزید کہتے ہیں کہ: تاجدارِ کائنات ﷺ کا خاتم النبیین ہونا اور انبیاء کرام کا سردار ہونا کسی عملِ صالح کی وجہ سے تھا تو کوئی ذی شعور بتا سکتا ہے کہ وہ کون سا عملِ صالح تھا؟ جس کی وجہ سے پہلے ہی سے اُن کو تمام انبیاء و رسل کا سردار مقرر کر دیا گیا۔

مذکورہ بالا آیت کی تفسیر میں ہی شیخ ابن عربی علیہ الرحمۃ لکھتے ہیں: اُن تمام کا توحید کی طرف بلایا جانا بھاری ہے جو غضب و قہر کے مظاہر ہیں۔ اور اُن محبوبوں کا نہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے محض اپنی عنایت اور مجرد مشیئت کے ساتھ چُن لیا اور نہ اُن محبین کا جن کو اللہ تعالیٰ نے سلوک و اجتہاد کے ساتھ اپنی طرف اِنابت اور شوق کی توفیق عطا فرمائی۔

ایک طبقہ محبوبین کا ہے جن کو صرف اللہ تعالیٰ نے چُن لیا، اور دوسرا طبقہ محبین کا ہے جن کو اللہ تعالیٰ نے اُن کے زہد و ورع کے باعث چُن لیا۔ اللہ تعالیٰ نے محبوبوں کو اپنی سابقہ چاہت کی وجہ سے اپنی طرف کھینچ لیا۔ اللہ تعالیٰ انبیاء و رسل کو سلوک و ریاضت سے پہلے چُن لیتا ہے، اور محبین کو اُن کی سلوک و ریاضت کے بعد چُنتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ: نبوت و رسالت جو بلند ترین مرتبہ و مقام ہے، یہ صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کا فضل ہے۔ منصبِ نبوت کا دیا جانا قربتِ الٰہی کے باعث ہے اور مقامِ نبوت کا دیا جانا خصائصِ ذاتی کی وجہ ہے۔

قاضی ثناء اللہ پانی پتی لکھتے ہیں کہ: نبوت نسب و مال اور عمر کے ساتھ خاص نہیں ہوتی بلکہ یہ تو اللہ تعالیٰ کا فضل ہے اُس شخص کے ساتھ جو اُس کے علم کا زیادہ حق دار ہے۔

نبوت وہبی عمل ہے کسبی نہیں ہے، کسی چلہ کشی اور دیگر اعمالِ صالحہ سے نہیں ہے، بلکہ یہ سب اُس کا فضل و کرم ہے۔ یہ کہنا درست ہوگا کہ ہر نبی اور رسول کی نبوت عطائی ہے۔ نبی پہلے اللہ تعالیٰ کے قریب ہوتا ہے پھر اُس کو نبوت کے شرف سے نوازا جاتا ہے۔ مقربین کے درجے میں جو انتہائی درجے میں پہنچے وہ صرف انبیاء و رسل ہیں۔

تاجدارِ کائنات نبی اکرم ﷺ مصباح المقربین ہیں، اِسی لیے آپ ﷺ کو حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق سے قبل اپنے قریب کر لیا اور تمام انبیاء و رسل سے زیادہ اُن کو مقام و مرتبہ عطا فرمایا۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: میں اُس وقت بھی نبی تھا جب آدم علیہ السلام ابھی مٹی اور پانی کے درمیان تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ: حضرت مجدد الف ثانی کہتے ہیں کہ نبوت قربت کا ثمر ہے۔ یعنی آقا ﷺ حضرت آدمؑ کی تخلیق سے پہلے اللہ تعالیٰ کے مقرّب تھے، اور قربت کا ملنا خصائصِ ذاتی کے باعث ہوتا ہے۔

امام ترمذی حضرت واثلہ بن اسقع روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

’’اللہ تعالیٰ نے اسماعیل علیہ السلام کی اولاد سے کنانہ کا انتخاب فرمایا اور کنانہ سے قریش کا اور قریش میں سے ہاشم کا اور بنی ہاشم میں سے میرا انتخاب فرمایا۔‘‘

حضرت عبد الله بن عباس سے ایک طویل روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

’’میں اللہ تعالیٰ کا حبیب ہوں، اور میں یہ بات ازراہِ فخر نہیں کہتا، روزِ قیامت حمد کا پرچم میرے ہاتھ میں ہوگا، حضرت آدم علیہ السلام اور باقی سب انبیاء اسی پرچم کے نیچے ہوں گے اور میں یہ بات ازراہِ فخر نہیں کہتا، روزِ قیامت میں سب سے پہلے سفارش کروں گا اور سب سے پہلے میری سفارش قبول ہو گی، اور یہ میں ازراہِ فخر نہیں کہتا۔‘‘

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید حضور نبی اکرم ﷺ کی شان بیان کرتے ہوئے کہا کہ: ملا علی قاری کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کا فضل حضور پر آپ کی ذات کی وجہ سے ہوا۔ یعنی پہلے ذاتِ مصطفی ﷺ ہے پھر منصبِ مصطفی ﷺ ہے۔

اجتماعِ جمعہ کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ملکی سلامتی، خوشحالی اور اُمت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

Dr Hassan Qadri addresses Khutba Jummah at Jamia Shaykh-ul-Islam Lahore

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top