منہاج یونیورسٹی لاہور میں ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی کے اعزاز میں تقریبِ پذیرائی
ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی و صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی خصوصی شرکت اور گفتگو
منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیرِ اہتمام حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سینٹر (HCRN) کے ڈائریکٹر، معروف نعت گو شاعر ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریبِ پذیرائی منعقد ہوئی۔ یہ تقریب اُن کی پہلی نعتیہ تصنیف “حضور ﷺ جانتے ہیں” کو 2025 میں کتبِ نعت کے شعبے میں قومی اور صوبائی سیرت ایوارڈز ملنے پر منعقد ہوئی۔ تقریب میں علمی، ادبی اور مذہبی شخصیات، منہاج یونیورسٹی کے مختلف شعبہ کے ایچ او ڈیز اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بطور مہمانِ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نعت خوانی آج کے دور میں دعوت و تبلیغ اور حضور ﷺ کی ذاتِ اقدس سے لوگوں کو جوڑنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اگر یہ ذمہ داری علمی بصیرت، فکری پختگی اور عقیدے کے استحکام کے ساتھ ادا کی جائے تو یہ دلوں پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نعت خوانی کو محض تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے یا اس میں عقیدے کی پختگی شامل نہ ہو تو یہ مقصد فوت ہو جاتا ہے اور بعض اوقات لوگوں کے دلوں میں تفریق پیدا کر دیتا ہے۔ اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی جیسے ذمہ دار اور متوازن نعت گو موجود ہیں جنہوں نے ادب و وقار کے ساتھ عشقِ رسول ﷺ کے پیغام کو اپنی شاعری اور تحقیق کے ذریعے عام کیا، ان کے مجموعہ نعت “حضور ﷺ جانتے ہیں” نے نعت گوئی کو ایک نئی جہت دی ہے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ یہ بھی اللہ رب العزت کی برکات میں سے ہے کہ دنیا کی کسی بھی یونیورسٹی میں نعت کے حوالے سے قائم ہونے والا پہلا ریسرچ سینٹر ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی کی سربراہی میں کامیابی کے ساتھ کام کر رہا ہے، جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی کو قومی و صوبائی سطح پر سیرت ایوارڈز ملنا نہ صرف ان کی علمی و فنی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ اس ریسرچ سینٹر کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔ یہ ادارہ نعت گوئی کے علمی و فنی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے حقیقی ذوق اور فکری بصیرت سے روشناس کروا رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ منہاج یونیورسٹی کی طرف ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی شیلڈ دی اور انہیں اس اعزاز پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد (رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور)، چیئر مین حفیظ تائب فاؤنڈیشن عبدالمجید منہاس، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ابوالحسن خاور، رہنما پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود قادری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر HCRN ڈاکٹر فخرالحق نوری، ڈپٹی ڈائریکٹر راشد حمید کلیامی سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب میں چوہدری عاشق علی (چیئرمین اخبار فروش یونین) مکہ مکرمہ سے ڈاکٹر محمد سلیم (سی او یونی فلائی پاکستان سعودی عریبیہ)، سماجی رہنما ملک محمد ریاض، محمد عمیر آصف، محمد بلال چوہدری نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر شیخ الاسلام انسٹیٹیوٹ آف سپرچوئل اسٹڈیز شبیر احمد جامی نے دعا کروائی۔
تبصرہ