ایم پی اے رانا عبدالرزاق کی غنڈہ گردی پر علماء کی مذمت
ایم پی اے نے گلفشاں کالونی میں واقع منہاج القرآن نوری مسجد اور مدرسہ کا تقدس پامال کیا
ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، دینی بورڈز کا مطالبہ
لاہور(24 ستمبر 2025)نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام دینی وفاقوں (بورڈز) کا ایک ہنگامی اجلاس نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاق المدارس اسلامیہ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان اور اتحاد المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مفتی محمد زبیر فہیم اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمہ کے ترجمان محمد رضوان عابدی، مفتی غلام اصغر صدیقی، علامہ صاحبزادہ محمد نفیس القادری، آغا سید فرقان علی کربلائی، مفتی محمد اسلم صابری، علامہ اشفاق علی چشتی اور علامہ نصیر احمد بابر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصل آباد کے ایم پی اے رانا عبدالرزاق اور اس کے غنڈوں کی طرف سے منہاج القرآن نوری مسجد اور مدرسہ گلفشاں کالونی فیصل آباد پر قبضہ اور بے حرمتی کرنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایم پی اے رانا عبدالرزاق اور اُس کے مسلح حواریوں نے 23 ستمبر 2025ء کی شب منہاج القرآن نوری جامع مسجد و ملحقہ منہاج تحفیظ القرآن کے اندر نمازیوں اور طلبہ پر بلا اشتعال بہیمانہ تشدد کیا، انہیں مضروب کیا اور انہوں نے اپنے اس ناپاک اور غیر قانونی عمل سے مسجد کے تقدس کو بری طرح مجروح اور پامال کیا۔
دہشت اور خوف و ہراس پھیلایا، اس کا مقصد جامع نوری مسجد اور مدرسہ پر غنڈہ گردی کر کے قبضہ کرنا تھا اور انہوں نے اپنے اس شر پسندانہ عمل سے مذہبی منافرت کو ہوادینے کی کوشش کی اور بین المسالک ہم آہنگی کی فضا مکدر کرنے کی کوشش کی اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے شہر کے لاء اینڈ آرڈر کو بھی خراب کرنے کی کوشش کی۔ تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے کارکنان نے اس تمام تر اشتعال انگیزی اور متشدد کارروائی کے باوجود قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا اور انتظامیہ سے مدد مانگی مگر ہمیں افسوس ہے کہ مسجد کے تقدس کی پامالی کا یہ سارا کھیل پولیس کی نگرانی میں کھیلا گیا۔
منہاج القرآن فیصل آباد کے ذمہ داران نے چند ہفتے قبل ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو رانا عبدالرزاق اور اس کے مسلح غنڈوں کی طرف سے مسجد اور مدرسہ پر قبضہ کی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور سی سی پی او فیصل آباد سے ملاقات کر کے قانون کے مطابق کارروائی اور غیر جانبدارانہ تحقیق کی درخواست بھی کی تھی تاکہ جامع مسجد اور ملحقہ مدرسہ کی اونر شپ کا تعین ہو سکے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کو تحقیق کا حکم دیا گیا جس میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شامل تھے اس کمیٹی نے تحقیقات کے بعد منہاج القرآن فیصل آباد کے حق میں فیصلہ دیا اور اپنی رپورٹ میں قرار دیا کہ گلفشاں کالونی کی مسجد، سکول اور مدرسہ اول روز سے منہاج القرآن کے زیرانتظام اور زیر قبضہ کام کررہا ہے۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ سیاسی بنیادوں پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نے سی پی او کو ضروری اقدامات کے واضح احکامات دئیے مگر افسوس تاحال ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس کا فائدہ ایم پی اے رانا عبدالرزاق اور اس کے غنڈوں نے اٹھاتے ہوئے منہاج القرآن کے کارکنوں پر تشدد کیا اور مسجد کے تقدس کو پامال کیا اور مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی۔
ہم ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے کہتے ہیں کہ وہ رانا عبدالرزاق ایم پی اے کو غنڈہ گردی سے روکے اور رپورٹ کی روشنی میں جامع نوری مسجد اور ملحقہ مدرسہ کا کنٹرول منہاج القرآن فیصل آباد کو دیا جائے، ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش اور مذہبی منافرت پھیلانے کی مذموم حرکت پر ایم پی اے رانا عبدالرزاق کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مذکورہ جامع مسجد اور ملحقہ مدرسہ ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم وفاقی وزارت تعلیم حکومت پاکستان میں دینی وفاق نظام المدارس پاکستان کے تحت رجسٹرڈ ہے اور اگر ہمارے ساتھ انصاف نہ کیا گیا تو تمام دینی بورڈز اور علمائے کرام احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ایم پی اے رانا عبدالرزاق کے سر ہو گی۔
تبصرہ