تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ میں فنِ خطابت و نعت کورس کا آغاز
اساتذہ نے طلبہ کو تقریر کے اسلوب سکھائے اور عملی مشقیں کروائیں
تحفیظ القرآن نوجوان نسل کو قرآن و سنت کے نور سے منور کر رہا ہے: علامہ مدثر نوری
لاہور (25 ستمبر 2025) منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن میں 7 روزہ تربیتی کورس کا آغاز کیا گیا جس کا موضوع فن خطابت، نعت اور عقائد ہے۔ طلباء کی فکری، اخلاقی اور فنی تربیت کے لیے نظامت تربیت کے زیراہتمام فن خطابت، فن نعت اور عقائد کورس کا آغاز کیا گیا ہے۔ کورس کا مقصد طلبا کی تقریری صلاحیتوں کو نکھارنا،نعت خوانی کی مہارتوں کو فروغ دینا اور اس کے ساتھ عقائد اسلام کی بہتر سمجھ بوجھ فراہم کرنا ہے۔
نظامت تربیت کے ایڈیشنل ڈائریکٹر علامہ مدثر رسول نوری اور تجربہ کار معلمین و ٹرینرز اس کورس میںتدریس کے فرائض انجام دیں گے۔ علامہ مدثر نوری نے کورس کی افتتاحی تقریب سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی کورس کے ذریعے طلباء کی فکری و تقریری اور نعت خوانی کی مہارتوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے نوجوان نسل کو قرآن و سنت کے نور سے منور کر رہا ہے اور طلباء کو مستقبل کے لیڈر بنانے کی سمت میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ فن خطابت اور صحیح العقیدہ تعلیم ہی وہ اوزار ہیں جن کی بدولت ہم اپنے نوجوانوں کو معاشرے میں ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔ کورس کے آغاز پر طلبہ کو تقریر کے مختلف اسلوب اور عملی مشقیں کروائی گئیں۔ نعت خوانی کی تکنیکی تربیت اور روحانی پہلوئوں سے آگاہی دی گئی۔
تبصرہ