لاہور: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بھانجے آصف ندیم مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے جامع المنہاج میں دعائیہ تقریب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شرکت و خطاب
دعائیہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے مرحوم کے بھائی عاصم ندیم، صاحبزادے احمد بلال اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت آصف ندیم مرحوم کی بخشش و مغفرت فرمائے اور حضور علیہ السلام کی شفاعت نصیب فرمائے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ: "ہم سمجھتے ہیں کہ موت کے آنے سے زندگی ختم ہو جاتی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ موت فنا نہیں بلکہ اگلے مقام کی طرف منتقلی ہے۔ یہ ایک ذائقہ ہے جس کے بعد حقیقی زندگی کا آغاز ہوتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو دنیا میں ایک امتحان کے طور پر بھیجا گیا ہے، اور آخرت کی کامیابی دنیا کے اعمال پر منحصر ہے۔ دنیاوی زندگی کو حقیقت سمجھ لینا دھوکہ ہے، اللہ تعالیٰ نے اسے دارالامتحان بنایا ہے تاکہ یہ طے ہو سکے کہ کس نے مختصر زندگی میں اچھے اعمال کے ذریعے آخرت کی تیاری کی۔
انہوں نے کہا کہ ہر جنازہ اور ہر میت ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے تاکہ ہم اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا سکیں۔ اپنی زندگی کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکام کے مطابق گزارنا ہی اخروی کامیابی کی ضمانت ہے۔
تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، عاصم ندیم، احمد بلال، صوفی مقصود قادری، منصور حسن قریشی، عمران طارق فرید، راجہ زاہد محمود، پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد، کرنل (ر) مبشر اقبال، حافظ غلام فرید، شکیل احمد طاہر، قاضی فیض الاسلام، محمد اقبال مصطفوی، غلام عباس نقشبندی، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، چودھری راشد شکور ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد ایوب بیگ، محمد طیب ضیاء، اورنگزیب رضا خان، فرحان جاوید، منشاء الاسلام سمیت مرحوم کے عزیز و اقارب، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، آغوش کمپلیکس اور تحفیظ القرآن کے طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آخر میں مرحوم کی بخشش و مغفرت اور بلندئ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ